کوئٹہ، پولنگ عملے کی حفاظت پر مامو رفوجی قافلے پر گھات لگا کر حملہ،تین سیکیورٹی اہلکاروں سمیت چار افراد شہید، 14 زخمی

 
0
596

کوئٹہ جولائی 25(ٹی این ایس)بلوچستان میں پولنگ عملے کی حفاظت پر مامو ر ایک فوجی قافلے پر گھات لگا کر حملہ، تین سیکیورٹی اہلکاروں سمیت چار افراد شہید جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے ۔شہید ہونے والوں میں 21سالہ سپاہی عمران،25 سالہ جہانزیب، 23سالہ اکمل اور پولنگ عملے کا اہلکار سکول ٹیچر سفی اللہ شامل ہیں۔

پاک فوج کی تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی قافلہ گزشتہ رات بولیدہ بلوچستان کے علاقے سے این اے 271 میں فرائض سرانجام دینے والے پولنگ عملے کو اپنی منزل پر پہنچارہا تھا کہ پاک-ایران سرحد کے قریب زمان پہاڑی رینج کے مقام پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی زد میں آگیا۔ دہشت گردوں کا مقصد انتخابی عمل کو نقصان پہنچانا تھا لیکن پاک فوج کے اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم پورے نہیں ہونے دئیے۔ زخمی ہونے والوں میں 10فوجی اہلکار اور چار شہری شامل ہیں جنھیں کراچی اور تربت کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر منسوبے کے مطابق پولنگ کا عمل سرانجام دیا گیا۔