نیب اجلاس ،سپریم کورٹ میں زیر سماعت نیب کے مختلف مقدمات اور ان کے جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل درآمد کا جائزہ

 
0
810

اسلام آباد جولائی 26(ٹی این ایس)قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین نیب ، پراسیکوٹر جنرل اکاؤنٹبلیٹی کے علاوہ نیب کے سینئرافسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں معزز سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر سماعت نیب کے مختلف مقدمات اور ان مقدمات پر معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا ۔
چیئرمین نیب جناب جسٹس جاوید اقبال نے معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر من و عن عمل درآمد کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا اور ہدایات جاری کیں کہ معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ نیب کے آپریشن اور پراسکیوشن ڈویثرنز کو مکمل ہم آہنگی، پوری محنت کے ساتھ ساتھ ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق بدعنوانی کے ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کرنے کے علاوہ موثر پیروی کرنے کی ہدایت کی تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے علاوہ بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی جاسکے ۔