کراچی26 جولائی (ٹی این ایس)کراچی کے ضلع شرقی سے متحدہ قومی موومنٹ کا صفایا ہوگیا جبکہ ضلع ملیر میں پیپلز پارٹی کو بڑا دھچکا لگاجہاں سےان کے مضبوط امیدوار عبدالحکیم بلوچ کو شکست ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ضلع شرقی میں ایم کیو ایم بری طرح فلاپ ہوگئی ، قومی اسمبلی کی 4 اور سندھ اسمبلی کی 8 نشستوں میں سے ایک بھی نشست حاصل نہیں کرسکی ، شرقی سے قومی اسمبلی کی چاروں نشستیں تحریک انصاف نے جیت لیں اور عمران خان سب سے زیادہ ووٹ لے کر شرقی سے کامیاب ہوئےتاہم صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں میں سے 7 پر تحریک انصاف کامیاب شرقی سے پیپلز پارٹی کے سعید غنی سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر کامیاب ہوسکے ۔ضلع ملیر سے پیپلز پارٹی کے مضبوط امیدوار عبدالحکیم بلوچ ہار گئے۔ این اے 237 سے تحریک انصاف کے کیپٹن جمیل کامیاب ہوئے ، پیپلزپارٹی ضلع ملیر میں قومی اسمبلی کی 2 اور سندھ اسمبلی کی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ ضلع ملیر سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں کے نتائج آگئےاور پی ایس 87 پر امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے۔













