مقبوضہ کشمیر :جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ کا سیاسی نظر بندوں کی حالتِ زار پر تشویش کا اظہار

 
0
506

سرینگر27جولائی(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر پیپلز موومنٹ نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حات زار پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ کشمیری سیاسی نظربندوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کردار ادا کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’ این آئی اے‘ کی طرف سے گرفتار کیے گئے حریت رہنماؤں کو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں جھوٹے مقدمات میں ایک برس ہو گیا لیکن انکے خلاف اب تک کچھ ثابت نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ نظر بند رہنماؤں کو رہا کرنے کے بجائے انہیں انتہائی ظالمانہ اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی نظر بند خطرناک امراض کا شکار ہو چکے ہیں لیکن اسکے باوجود انکا علاج نہیں کرایا جا رہا ۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے ہی حال ہی میں جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں غلام حسن ملک المعروف نور خان انتقال کر گئے ۔انہوں نے کہا کہ تہار ، ادھم پور، کوٹ بھلوال اور دوسری جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی صحت روز بروز بگڑرہی جبکہ شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، محمد قاسم فکتو، ایاز اکبراور دوسرے کئی رہنما سخت علیل ہیں۔