گلگت اوراسکردو کے لوگ ہم سے زیادہ محب وطن ہیں‘ چیف جسٹس

 
0
301

اسلام آباد جولائی 31(ٹی این ایس): سپریم کورٹ میں شمالی علاقہ جات کے لیے پی آئی اے کے زائد کرائے سے متعلق سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ گلگت اوراسکردو کے لوگ ہم سے زیادہ محب وطن ہیں، ان علاقوں میں ہرپتھرپرپاکستان لکھا ہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں شمالی علاقہ جات کے لیے پی آئی اے کے زائد کرائے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے معاملے پرمعاونت کرنی ہے۔انہوں نے ریمارکس دیے کہ گلگت اوراسکردو کے لوگ ہم سے زیادہ محب وطن ہیں، ان علاقوں میں ہر پتھر پرپاکستان لکھا ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ گلگت میں 2سال میں نہ چوری ہوئی نہ قتل ہوا، اتنے پیارے لوگوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 2018 میں وفاق نے گلگت بلتستان کوملے تمام حقوق واپس لے لیے، اقدام وہاں کے لوگوں کے ساتھ بہت زیادتی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ایک حکم نامہ ہے اس پرعمل نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ ہم دو ہفتوں کے لیے سماعت ملتوی کر رہے ہیں، آپ اٹارنی جنرل نہ بھی ہوئے پھر بھی آپ نے معاونت کرنی ہے۔بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے شمالی علاقہ جات کے لیے پی آئی اے کے زائد کرائے سے متعلق سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔