سڑکوں پر جان لیوا حادثات کے انسدادی اقدامات میں سب سے بہتر عمل اہل اور قابل ڈرائیورز کو لائسنس کا اجراء ہے،آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی

 
0
651

کراچی جولائی 31(ٹی این ایس)آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کلفٹن میں اے ڈی خواجہ کے نام سے منسوب نئے بلاک کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبوسمیت ایڈیشنل آئی جیز کراچی،سندھ،اسپیشل برانچ زونل ڈی آئی جیز ایسٹ وساؤتھ کراچی کے علاوہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی،ایس ایس پی ساؤتھ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔علاوہ اذیں تقریب میں پاکستان شو بز تعلق رکھنے والے معروف فنکار انور مقصود جاوید شیخ، بہروز سبزواری اور سول سوسائٹی کے ممبران نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام ڈی آئی جی ڈی ایل سندھ فرحت علی جونیجو نے کیا اور شرکت کرنیوالے تمام مہمانان گرامی کا پرجوش استقبال کیا۔ڈی آئی جی ڈی ایل سندھ نے دوران خطاب ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور فراہمی کے جملہ جدید مراحل سمیت ون ونڈو آپریشن اور آن لائن سہولیات کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ نئے تعمیر ہونیوالے اس بلاک کو سابقہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں موجود تمام ڈی ایل برانچز بشمول ناظم آباد،حیدرآباد، شہیدبینظیرآباد،اورمیرپور خاص کی تزئین وآرائش ودیگر تعمیراتی امور پر5.33ملین کی رقم خرچ کرکے مذکورہ تمام برانچوں کے جملہ امور کو مذید سہولیات سے آراستہ کیا گیا۔

آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں سابقہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی جانب سے سندھ پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور باالخصوص رینج کی سطح پر پولیس فیسلیٹیشن سینٹرز کے قیام اور انھیں اسٹیٹ آف آرٹ بنانے جیسے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے مذید کہا کہ پولیس فیسلیٹیشن سینٹرز کے ضلعوں کی سطح پر قیام کے جملہ امور کا جلد سے جلد آغاز کرکے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مذید بہتر اور مؤثر بنایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر جان لیوا حادثات کے انسدادی اقدامات میں سب سے بہتر عمل اہل اور قابل ڈرائیورز کو لائسنس کا اجراء ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اپنے فرائض منصبی کی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہیکہ شہریوں کو بھی ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور پاسداری کا پابند بنانیکے لیئے ٹریفک پولیس افسران خصوصی اقدامات کریں ۔انہوں نے پہلے مرحلے میں کراچی رینج کی سطح پر ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے ڈی آئی جی ڈی ایل سے کہا کہ اس حوالے سے باقاعدہ ایس او پی کی ترتیب کے لیئے موٹروے پولیس سے رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو ماڈرنائزڈ کیا جائیگا اور تھانہ جات کی سطح پر پولیسنگ سسٹم کو مذید مؤثر اور کارآمد بنایا جائیگا کیونکہ جرائم کی سرکوبی اور امن وامان کے حالات پر مکمل کنٹرول کے ضمن میں یہ نظام انتہائی اہم اور مفید ہے جس سے ناصرف پولیس افسران کو اپنی متعلقہ حدود سے آگاہی ملیگی بلکہ جرائم کے خاتمے میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے بھر کے تیس اضلاع میں 26 ڈرائیونگ لائسنس برانچز کام کررہی ہیں جبکہ مذید چار اضلاع میں بھی برانچز کے قیام کی ضرورت ہے۔ضلع شرقی میں کے ڈی اے سوک سینٹر میں جگہ دینے کو تیار ہوگئی ہے اور اس ضمن میں تمام ضروری قانونی امور طے کیئے جارہے ہیں اور جلد ہی ضلع شرقی میں ڈی ایل برانچ کام کا آغاز کردیا جائیگا۔علاوہ اذیں غربی اور ملیر کے اضلاع میں بھی ڈی ایل برنچز قائم کی جائیں گی۔