اسلام آباد اگست 4(ٹی این ایس)چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے پولیس لائن اسلام آباد میں یادگار شہداء پر حاضری دی جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، سلامی دی اور دعا کی۔ اس موقع پر آئی جی پولیس اسلام آباد جان محمد سمیت پولیس کے دیگر اعلی عہددران موجود تھے۔ اس موقع پرسینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ آج کا دن ہمارے جرات مند و بہادر شہداء کو سلام و خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
ملک و عوام کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو ہر گز فراموش نہیں کرینگے۔آج پولیس کے بہادر شہداء کو سلام و خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پولیس لائن حاظر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن قوم کے شہیدوں سے عہد وفا کا دن ہے کہ انکی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیگی۔
یوم شہدائے پولیس قوم کے شہداء سے محبت اور دھشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد سے نفرت کے اظہار کا دن ہے۔ پورے قوم کو پولیس کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے جو ہمہ وقت انکی حفاظت کیلئے چاک و چوبند ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے تاثرات کے کتاب میں شہداء کیلئے بھرپور خراج تحسین درج کی۔آئی جی اسلام آباد پولیس جان محمد نے سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپکے آنے سے ہمیں اور ہمارے جوانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔