این اے 249 کے انتخابی نتائج سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج

 
0
264

کراچی اگست 7(ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے این اے 249 کے انتخابی نتائج سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیئے۔این اے 249 کراچی سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا سے ہار گئے تھے۔ اس حلقے سے فیصل واوڈا 35344 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ شہباز شریف 34626 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

شہباز شریف نے این اے 249 کراچی میں 700 سے زائد ووٹوں کے فرق سے ہارنے پر دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جسے ریٹرنگ افسر نے مسترد کردیا تھا۔واضح رہے شہبازشریف کی طرف سے بیرسٹر ظفر اللہ نے الیکشن کمیشن درخواست جمع کرائی گئی جس میں این اے 249 میں ہونے والے انتخابات کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔شہبازشریف نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ این اے 249 میں ووٹوں کی گنتی درست انداز سے نہیں کی گئی ہے ۔اس لئے نشست پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے۔انہوں نے درخواست میں کہا کہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے فارم 45 پر کانٹ چھانٹ کی گئی ہے،مسترد ووٹوں کے مقابلے میں جیتنے والے کے ووٹوں کا فرق صرف چند سو کا ہے۔