گورنر ہاؤس کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لئے کھلے ہیں، گورنر سندھ

 
0
426

کراچی اگست 06.(ٹی این ایس )گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لئے کھلے ہوئے ہیں جو بھی جماعت عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے ان سے ملنا چاہے اس کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج میر پورخاص میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تین رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت میر پور خاص سے رکن صوبائی اسمبلی ظفر کمالی کر رہے تھے۔ صدر مملکت کے کوآرڈینیٹرچوہدری طارق بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے تاکہ عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے چوتھے بڑے شہر میر پور خاص میں بنیادی سہولیات کے ڈھانچہ کی صورتحال نہایت افسوس ناک ہے، جس کا اثر عوام کے معیار زندگی پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر پور خاص کے مسائل کو حل ہونا چاہئے وہ اس ضمن میں وفاقی حکومت کی توجہ مرکوز کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میر پور خاص میں صحت و صفائی ، نکاسی آب ، آمدورفت کی سہولیات کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ دریں اثناء گورنر سندھ نے میر پور خاص چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، میر پور خاص پریس کلب اور مسلم لیگ لیڈیز ونگ کے وفود سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور شہر کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔