فلاحی تنظیمیں مسائل کے حل میں نمایاں کردار ادا کررہی ہیں، گورنر سندھ

 
0
357

کراچی اگست 06.(ٹی این ایس ) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کمیونٹیز کی سطح پر کام کرنے والی تنظیمیں نہ صرف اپنی برادری بلکہ دیگر کمیونٹیز کے لئے بھی قابل تحسین فلاحی کام انجام دے رہی ہیں جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر پورخاص کی ملک برادری کے صدر راجہ ملک عبدالحق کی جانب سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے ) میر پور خاص کو عطیہ کئے جانے والے پلاٹ کے کاغذات حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک برادری اور اس کے صدر راجہ عبدالحق کی یہ فراخدلی ان کی انسان دوستی کا واضح ثبوت ہے جنہوں نے ایک نیک مقصد کے لئے یہ پلاٹ عطیہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر پور خاص سندھ کا اہم شہر ہے خصوصاً آم کے حوالے اس کی خاص پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر پور خاص کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت سے درخواست کی جائے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی سے میر پورخاص چلنے والی مہران ایکسپریس کو اس ماہ کے دوران بحال کردیا جائے گا جبکہ نکاسی آب ، سندھ یونیورسٹی کے جامع کیمپس اور میڈیکل کالج اور دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر راجہ عبدالحق نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ان کی برادری میر پور خاص کی سب سے بڑی کمیونٹی ہے اور اس کے پلیٹ فارم کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے کئی منصوبے شروع اور مکمل کئے گئے ہیں۔