حکومت سندھ کو چاہئے وہ بلدیاتی اداروں کے اختیارات و فرائض کی تقسیم کو واضح کرے، میئر کراچی وسیم اختر

 
0
383

کراچی اگست 06.(ٹی این ایس )میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کو چاہئے کہ وہ بلدیاتی اداروں کے اختیارات و فرائض کی تقسیم کو واضح کرے کئی شہری ادارے ایک دوسرے کے کاموں میں مداخلت کررہے ہیں جب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو توڑا اور مروڑا گیا ہے اس وقت سے کے ڈی اے سمیت دیگر ادارے اپنی مرضی سے مختلف نوعیت کے چالان ایشو کررہے ہیں کنٹوٹمنٹ بورڈ اور دیگر ادارے بھی اس میں شامل ہیں، یہ بات انہو ں نے کے ایم سی آفیسرز ویلفےئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسپورٹس کمپلیکس میں اسپیشل بچوں کے ساتھ پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی سہیل رفیق، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، میڈیا کمیٹی کی چیئرپرسن سبحین غوری، میڈیکل کمیٹی کی چیئرپرسن ناہید فاطمہ، فلم اسٹار جاوید شیخ، اداکار بہروز سبزواری، ، مختلف یونین کمیٹیز کے چیئرمین اور اسپیشل بچوں اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک جنگ لڑرہی ہے ہم ایک ہیں، ہم مضبوط ہیں اور ہم مضبوط رہیں گے ہمیں کوئی بھی توڑ نہیں سکتا، یکم اگست سے 14 اگست تک کراچی میں جشن آزادی کی تقریبات منعقد کریں گے اور کراچی کو روشنیوں کا اور امنگوں کا شہر بنائیں گے۔ میں ان بچوں کو شاباش دیتا ہوں جنہو ں نے آج یہاں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا اسپیشل بچے اس قوم کا حصہ ہیں اور اس ملک کا حصہ ہیں پوری دنیا میں جو قوانین اسپیشل بچوں کے لئے رائج ہیں وہ پاکستان میں بھی نافذالعمل ہونے چاہئیں حکومت پاکستان کے بجٹ میں ان کی تعلیم اور صحت کیلئے بجٹ مختص کیا جانا چاہئے،اسپیشل بچوں کیلئے اسپتال بننے چاہئیں، میئر کراچی نے کہا کہ عوام مشکلات میں ہیں ان کی مشکلات دور ہونی چاہئیں، فلم اسٹار جاوید شیخ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ 14 اگست کو ہر گھر پر پاکستانی جھنڈہ لہرایا جائے پاکستان ہمارا مستقبل ہے اور ہمیں پوری دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ پاکستان کا جشن آزادی پوری قوم شایان شان طریقے سے منائے تاکہ دہشت گردوں کو یہ پیغام جائے کہ پاکستان کے محافظ موجود ہیں اس کے رکھوالے موجود ہیں اور پاکستان پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے، اس موقع پر اسپیشل بچوں نے مختلف نغموں پر ٹیبلوز پیش کئے اور اپنی کارکردگی سے حاضرین کے دل موہ لئے، بعد ازاں میئر کراچی نے سوک سینٹر کے سامنے جشن آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی اور کہا کہ ہم سب کی کوشش ہونی چاہئے کہ پاکستان کا جھنڈا سربلند رہے انہو ں نے کہا کہ جشن آزادی کے سلسلے میں کل سے کراچی میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔