ن لیگ نے صدارتی امیدوار کیلئے اپوزیشن کے سامنے یوسف رضا گیلانی کا نام رکھ دیا

 
0
8998

پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کے نام پر مسلم لیگ (ن) کا اعتراض مسترد کردیا، مولانا فضل الرحمان سے بھی مدد مانگ لی
اسلام آباد اگست 26(ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن) نے مشترکہ صدارتی امیدوار کے لیے یوسف رضا گیلانی کا نام اپوزیشن کے سامنے رکھ دیا تاہم پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا۔
مشترکہ صدارتی امیدوار کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے جب کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ پیپلز پارٹی صدارتی امیدوار کے لیے پہلے ہی اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کا اعتراض مسترد کرچکی ہے۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور انہیں صدارتی امیدوار کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا جب کہ انہوں نے شہباز شریف کو اپنے مؤقف میں لچک پیدا کرنے کی درخواست کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے موقف کی حمایت کی تاہم شہباز شریف نے صدارتی امیدوار کے لیے اپنی پارٹی سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو اعتزاز احسن کے بطور صدراتی امیدوار پر تحفظات ہیں تاہم صدارتی امیدوار کے لیے پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق ہوگیا تو (ن) لیگ اپنے امیدوار کے نام واپس لے لی گی۔یاد رہے کہ کل تک اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے صدارتی امیدوار کا نام پیش کرنا ضروری ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ماضی گزر گیا اور اب ہمیں آگے کی طرف دیکھنا چاہیے، امید ہے کہ (ن) لیگ ہماری بات سمجھ کر مثبت فیصلہ کرے گی۔خورشید شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں بہت سے معاملہ فہم لوگ بات سمجھتے ہیں، شہباز شریف سمجھدار سیاستدان ہیں، ان پر اب بڑی ذمہ داری ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو تلخیاں ختم کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا امیدوار پیپلز پارٹی کا نہیں پورے پاکستان کا امیدوار ہے، اعتزاز احسن کو دنیا ذاتی طور پر جانتی ہے اور ان کی تاریخ ہے، ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ مل کر سیاست کریں جس پر ماضی کا کوئی سایہ نہ پڑے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ صدراتی انتخاب کے لیے نمبرز پورے ہیں اور پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار عارف علوی ہی صدر مملکت ہوں گے۔یاد رہے کہ 4 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران ایوانِ صدر کے نئے مکین کا چناؤ عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی امیدوار ہیں تاہم اپوزیشن اتحاد ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا۔