اسلام آباد 28 اگست (ٹی این ایس)چئیرمین نادرا کے دوٹوک موقف اپنانے پر وزیراعظم عمران خان نے آر ٹی ایس پر الگ سے میٹنگ طلب کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے نتائج میں تاخیر کا معاملے پر چئیرمین نادرا نے آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی،چئیرمین نادرا عثمان مبین نے وزیر اعظم عمران خان کے سامنے اپنے پرانے موقف پر قائم
رہے۔
چیئرمین نادرا نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آر ٹی ایس بالکل ٹھیک تھا،خرابی کی اطلاعات جھوٹ پرمبنی ہیں،الیکشن نتائج کے دوران آر ٹی ایس فلاپ نہیں ہوا تھا، نادرا ریکارڈ اور ثبوتوں کے ساتھ ثابت کرسکتا ہے کہ آر ٹی ایس مکمل فنکشنل اورآپریشنل تھا۔
چیئرمین نادراکے دوٹوک مؤقف اپنانے پروزیراعظم عمران خان نے آر ٹی ایس پر الگ سے میٹنگ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ میٹنگ میں چئیرمین نادرا مکمل ثبوتوں کے ساتھ آر ٹی ایس کے بارے میں حقائق سے آگاہ کریں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان آر ٹی ایس میں خرابی اور اصل حقائق سے متعلق بہت سنجیدہ ہیں، آرٹی ایس سے متعلق حقائق چھپانے والے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا،تحقیقات کامعاملہ ایف آئی اے کے حوالے بھی کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پچیس اگست کو پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کے روز رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کی بندش کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی کا ذمہ دار نادرا کو ٹھہرا یا تھا اور اس کی ناکامی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی تھی۔تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن کے صاف شفاف ہونے کے سارے ثبوت موجود ہیں تاہم کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ آر ٹی ایس کی ناکامی کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف سینیٹ میں پارلیمانی رہنما اعظم سواتی و دیگر پر مشتمل آر ٹی آیس شٹ ڈاؤن معاملے کی نگرانی کے لیے تحققیقاتی کمیٹی قائم کی تھی، سینیٹر اعظم سواتی کل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جس کے دوران وہ آر ٹی ایس نظام کی ناکامی کی تحقیقاتی رپورٹ پر انہیں بریفنگ دیں گے۔
دوسری جانب عام انتخابات کے دوران رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم ناکام ہونے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی 22 روز بعد بھی تشکیل نہیں دی جا سکی ہے، کابینہ ڈویژن اور الیکشن کمیشن معاملہ ایک دوسرے پر ڈالنے لگے ہیں۔انتخابات 2018 کے دوران آر ٹی ایس کی ناکامی کی تحقیقات کے لئے کمیٹی کے قیام کا معاملہ لٹک گیا ہے۔ 22 روز گزرنے کے باوجود بھی کابینہ ڈویژن اور الیکشن کمیشن کمیٹی تشکیل کے بارے میں لاعلم ہیں۔کابینہ سیکرٹری کا کہنا کہ وزارت قانون سے رائے لینے کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کمیٹی تشکیل کے معاملے پر کابینہ ڈویژن کو ہدایات جاری کر چکے ہیں۔الیکشن کمیشن نے تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کیلئے معاملہ کابینہ ڈویژن کو بھجوایا تھا، کابینہ ڈویژن نے تجویز دی تھی کہ کمیٹی قیام کا معاملہ نئی حکومت پر چھوڑ دیا جائے۔













