عوام کیلئے ناقابل یقین خوشخبری، بجلی کی فی یونٹ قیمت ایک ساتھ کئی روپے اور تقریباً آدھی کرنے کا فیصلہ

 
0
491

اسلام آباد اکتوبر 31 (ٹی این ایس): عوام کیلئے ناقابل یقین خوشخبری، بجلی کی فی یونٹ قیمت ایک ساتھ کئی روپے اور تقریباً آدھی کرنے کا فیصلہ، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سردیوں میں بجلی کی اضافی پیداوار کو استعمال میں لانے کیلئے مخصوص صارفین کو فی یونٹ بجلی 10 سے 11 روپے تک کی قیمت میں فروخت کرنے کی منطوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق انگریزی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت نے سردیوں کے موسم میں عوام کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک ساتھ کئی روپے اور تقریباً آدھی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کابینہ کو بتایا تھا کہ سردیوں میں بجلی کے نرخ کم کرنے کی ایک تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار کی استعداد تقریبا اکتیس ہزار میگا واٹ ہے ۔ سردیوں میں بجلی کا استعمال خاطر خواہ کم ہو جاتا ہے۔ اگر سردیوں کے موسم میں بجلی کے نرخ کم کر دیے جائیں تو اس سے جہاں صارفین مستفید ہوں گے اور وہ اپنی توانائی کی ضروریات بھرپور طریقے سے پورا کر سکیں گے وہاں ملک میں موجود پیداوار کو بھی بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔
اب بتایا گیا ہے کہ حکومت کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اس تجویز کے نفاذ کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ منظوری دیے جانے کے بعد اب جو صارفین پیک اور آف پیک گھنٹوں کے حساب سے بجلی کا بل دیتے ہیں، انہیں اب 24 گھنٹے کیلئے ایک ہی قیمت پر بجلی دستیاب ہوگی۔ ان صارفین کو فی یونٹ بجلی 11 روپے 9 پیسے کی قیمت پر فروخت کی جائے گی۔ جبکہ جن صارفین کا بجلی کا استعمال گزشتہ برس کے اسی ماہ کے مقابلے میں زیادہ ہوگا، انہیں فی یونٹ بجلی کی قیمت 10 روپے اور 9 پیسے میں پڑے گی۔ یوں صارفین گیس کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں سستی بجلی کا استعمال کر کے توانائی کی ضروریات پوری کر سکیں گے۔