اسلام آباد (ٹی این ایس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک، سردار موارہن خان، نے تھانہ فتح جنگ کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی اور تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ڈی پی او کے فتح جنگ پہنچنے پر تحصیلدار چوھدری شفقت محمود نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر تھانہ باھتر میں کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں عوام نے براہِ راست اپنے مسائل پیش کیے۔ ڈی پی او نے موقع پر فوری احکامات جاری کیے اور ایس ایچ او علی راشد اعوان کی کارکردگی کو سراہا۔
تقریب میں سینئر صحافی عدیل افضل خان، ملک نعیم، ملک آصف خان بھلوٹ، سردار طلعت خان جھنگ، وسیم نواز خان اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شہریوں نے ڈی پی او کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ پروگرام عوامی مسائل کے فوری حل اور پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے کی مثال ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او اٹک نے کہا کہ تھانہ فتح جنگ کی نئی عمارت کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو جدید اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ پولیس افسران اور جوانوں کے لیے بھی ایک محفوظ اور مؤثر ماحول فراہم ہوگا، جس سے سروس کے معیار میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام کو اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ تقریب نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت اجاگر کرتی ہے بلکہ عوام کے لیے بہترین پولیس خدمات کے فروغ اور جدید انفراسٹرکچر کی ضرورت کو بھی واضح کرتی ہے۔













