عمران خان کے گھر اور گھر سے وزیر اعظم ہاؤس تک ہیلی کاپٹر سفر پر  2 لاکھ روپے خرچ ہو جاتے ہیں: ماہر ہوابازی

 
0
1013

اسلام آباد،اگست 29 (ٹی این ایس): ماہر ایویشن میجرریٹائرڈ محمد ظہیر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ہیلی پیڈ سے بنی گالہ اور پھر بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے کے پورے عمل میں 35 سے 40 منٹ لگتے ہیں اور اس پورے عمل میں تقریباً 2 لاکھ روپے خرچ ہو جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں بنی گالہ میں عمران خان کے ایک ہمسائے نے سوشل میڈیا پر وزیرِاعظم کے زیرِاستعمال ایک ہیلی کاپٹر کی ویڈیو شیئر کی جس میں یہ لکھا گیا کہ یہ ہیلی کاپٹر آج کل بنی گالہ وزیرِاعظم کو لانے اور لے جانے کے لیے آتا جاتا ہے۔ اس کے بعد گذشتہ رات وزیرِاطلاعات فواد چوہدری نےنجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا دفاع کیا اور کہا کہ ‘ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے۔

‘ جہاں فواد چوہدری کے اس بیان پر ان کا شدید مزاق اڑایا جا رہا ہے۔تاہم اس پر ایک اور شوشہ چھوڑتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے سے ہونے والا خرچہ گوگل کیا تھا لہذا آپ بھی گوگل کرکے دیکھ لیں پتہ چل جائے گا، عمران خان وزیر اعظم ہیں کیا وہ ٹیکسی پر بنی گالہ جائیں؟ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے ہیلی کاپٹر کا استعمال وی آئی پی کلچر نہیں، عمران خان وزیر اعظم پاکستان ہیں، یا تو وزیر اعظم سیکیورٹی کی گاڑیوں کے ساتھ بنی گالا جائیں یا پھر ہیلی کاپٹر پر۔

وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر پر کل کتنا خرچ آتا ہے ،ایوی ایشین معاملات کے ماہر نے وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر آنے والے خرچ بتا دیا۔ایوی ایشن ایکسپرٹ میجر ریٹائرڈ محمد ظہیر نے بتایا کہ وزیراعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر اے ڈبلیو 139 کا فی گھنٹہ خرچہ تین لاکھ 70 ہزار 900 روپے ہے۔ہیلی کاپٹر کے ہیلی پیڈ سے بنی گالہ اور پھر بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے کے پورے عمل میں 35 سے 40 منٹ لگتے ہیں اور اس پورے عمل میں تقریباً 2 لاکھ روپے خرچ ہو جاتے ہیں۔انہوں نے فواد چوہدری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراطلاعات کا بیان معلومات کی کمی کا نتیجہ ہے۔