مسلسل نظر انداز کیا جارہاہوں، کراچی نے ووٹ عمران خان کے نام پر نہیں دیا: عامر لیاقت

 
0
608

کراچی میں تحریک انصاف کو ووٹ ملنے کا سب سے زیادہ کریڈٹ مجھے جاتا ہے: ٹی وی انٹرویو

اسلام آباد ،اگست 29 (ٹی این ایس):عامر لیاقت نے تحریک انصاف کیخلاف بغاوت کردی، رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ مسلسل نظر انداز کیے جانے پر شدید مایوس کا شکار ہوں، کراچی نے ووٹ عمران خان کے نام پر نہیں دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کو وفاق میں حکومت سنبھالے ابھی چند ہی روز ہوئے ہیں اور اسے کئی سنگین اندرونی مسائل کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔

پسندیدہ وزارتیں نہ ملنے پر کئی اتحادی اور کئی تحریک انصاف کے رہنما نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ ان رہنماوں میں کراچی سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین بھی شامل ہیں۔ متحدہ قومی مومنٹ سے ماضی میں وابستہ رہنے والے عامر لیاقت حسین نے انتخابات سے کچھ عرصہ قبل ہی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

عامر لیاقت حسین کی شمولیت کے معاملے پر عمران خان کو شدید مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم انہوں نے عامر لیاقت حسین کو پارٹی میں نہ صرف شامل کیا بلکہ بعد ازاں انہیں قومی اسمبلی کی نشست کیلئے ٹکٹ بھی دیا۔ تاہم ان تمام نوازشات کے باجود عامر لیاقت حسین تحریک انصاف کی قیادت سے ناراض ہوگئے ہیں۔ عامر لیاقت حسین کو امید تھی کہ انہیں وفاقی کابینہ کا حصہ بناتے ہوئے وزارت سے نوازا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔

اب اس صورتحال میں عامر لیاقت حسین نے سرعام اپنی ناراضگی کا اظہار کرنا شروع کردیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے کہا کہ مسلسل نظر انداز کیے جانے پر شدید مایوس کا شکار ہوں۔ عامر لیاقت حسین کا مزید کہنا ہے کہ کراچی نے ووٹ عمران خان کے نام پر نہیں دیا۔ عامر لیاقت حسین کا دعویٰ ہے کہ کراچی میں تحریک انصاف کو ووٹ ملنے کا سب سے زیادہ کریڈٹ انہیں جاتا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ متنازعہ شخصیت ہونے کے باعث عامر لیاقت حسین کو کسی بھی قسم کی وزارت دیے جانے کے امکانات نہیں ہیں۔