پنجاب حکومت نے فلموں کے فحش اور عریاں ہورڈنگز بورڈ اتارنے کے احکامات جاری کر دئیے 

 
0
473

اسی طرز پراسٹیج ڈراموں کے بورڈز بھی اتروا دئیے جائینگے، اسٹیج ڈراموں کے اسکرپٹ کیلئے پالیسی بھی بنے گی 
فن کی تربیت کیلئے آرٹ اکیڈمی بنانے ،رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کی تشکیل نو کابھی فیصلہ کر لیا گیا ‘ وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان
لاہور اگست 30(ٹی این ایس)پنجاب حکومت نے سینما گھروں کے اندر اور باہر اور دیگر مقامات پر لگے ہوئے فحش اور عریاں تصویر وں والے ہورڈنگز بورڈز بورڈز اتارنے کے باضابطہ احکامات جاری کر دئیے ، اسی طرز پر اسٹیج ڈراموں کے تشہیری بورڈز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

وزیر اطلاعات و نشریات اور ثقافت فیاض الحسن چوہان کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات میں کہا گیا ہے کہ فلموں کی تشہیر کیلئے سینما ہالوں کے اندر اور باہر اور دیگر مقامات پر لگائے گئے فحش اور عریاں تصاویر والے ہورڈنگز بورڈز فوری طور پر اتارنے کیلئے کارروائی کا آغاز کیا جائے ۔ اسی طرز پر اسٹیج ڈراموں کے تشہیری بورڈز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ اسٹیج ڈراموں کے اسکرپٹ کے لئے بھی پالیسی بنے گی ۔ وزیر اطلاعات و نشریات اور ثقافت فیاض الحسن چوہان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم ، ڈرامہ اور گائیگی کی تربیت کے لئے آرٹ اکیڈمی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے اسمبلی سے قانون سازی کرائی جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیلئے اس کی تشکیل نو کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر جھوٹی اطلاعات اور پراپیگنڈے کی روک تھام کیلئے بھی سٹریٹجی بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آل شریف اور ان کا مخصوص ٹولہ کئی سالوں سے قبضہ جما کر بیٹھا ہوا تھا اور انہیں ملک میں کئی دہائیوں بعد آنے والی تبدیلی ہضم نہیں ہو رہی ۔شریف خاندان نے کھربوں روپے لوٹے ہیں اور ان میں سے سے ہی رقم جھوٹے پراپیگنڈے کیلئے خرچ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کو تشکیل پائے ہوئے تین روز ہوئے ہیں لیکن حساب مانگا جارہا ہے کہ حکومت نے کیا ہے ۔