سفارتی کوششوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو بڑی کامیابی ملی: وزیر خارجہ

 
0
589

اسلام آباد اگست 31(ٹی این ایس) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے سفارتی کوششوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو بڑی کامیابی ملی۔ دنیا بھر میں کسی بھی قسم کی نفرت انگیزی روکنے کے لیے ہم سب کو کام کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بہترین ٹیم ورک پر وزارت خارجہ کی ٹیم کا شکریہ۔ سفارتی کوششوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو بڑی کامیابی ملی۔
خیال رہے کہ نیدر لینڈز میں ہونے والے خاکوں کے متنازع مقابلے کے خلاف مسلم دنیا، بالخصوص پاکستانی حکومت کی کوششوں کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔ڈچ حکومت نے اس ضمن میں تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔حکومت پاکستان کی جانب سے اس ضمن میں سخت مؤقف اختیار کیا گیا تھا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان بھی کیا تھا۔اس ضمن میں پاکستانی وزیر خارجہ نے مسلم دنیا سے رابطے شروع کر دیے تھے، حکومت پاکستان نے او آئی سی کو متحدہ کرکے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔البتہ ان اقدامات سے قبل ہی مسلم دنیا کے ردعمل کے پیش نظر ڈچ حکومت نے مقابلہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔