کراچی ستمبر 2(ٹی این ایس)مدینہ منورہ میں پھنسے ہوئے حاجیوں میں سے 216شاہین ائیر لائن کے ذریعے کراچی پہنچ گئے، واپس آنے والے حجاج کا کہنا تھا کہ وہ مدینہ میں بے یار و مددگار سڑکوں پر گھومتے رہے۔دوروز بعد بالآخر شاہین ایئر کا حجاج کو واپس لانے کیلئے آپریشن شروع ہو ہی گیا، مدینہ منورہ سے این ایل704جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر صبح ساڑھے 5 بجے پہنچی۔واپس پہنچنے پر حجاج کرام بہت خوش نظر آئے، جبکہ ان کے عزیز و اقارب نے بھی ان کا استقبال پھولوں کے ہاروں سے کیا۔حجاج کا کہنا تھا کہ دوروز انہوں نے بہت مشکل میں گزارے نہ ان کے پاس کھانے کے لئے کچھ تھا اور نہ ہی رہنے کے لئے جگہ تاہم بعد میں انہیں ہوٹل مہیا کئے گئے جوکہ غیر معیاری تھے۔حجاج کا کہنا تھاکہ شاہین ایئر لائن کہ جو مسافر تاحال پھنسے ہوئے ہیں انہیں بھی جلد واپس وطن لایا جائے تاکہ ان کے پیاروں کا انتظار ختم ہو۔