یوم دفاع ہر قسم کے تعصبات کو پاک کر کے، مسلمانوں کے باہم اتحاد و یگانگت کا عملی مظہر ہے،جنید لاکھانی
پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور پرامن ہونے میں افواج پاکستان کا مثالی اور قابل تحسین کردار رہا ہے،ڈاکٹر وسیم قاضی
اعلیٰ عسکری حکام،اعلیٰ حکومتی شخصیات،عمائدین ِشہر اورشہدا پاک فوج کے معزز خاندان سمیت ہزاروں طلبا کی شرکت
اسلام آباد، ستمبر 07(ٹی این ایس): پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے کہا کہ ہمیں آ ج یوم دفاع کے دن ان شہدا کو یاد کرنا چاہئے جنھوں نے ملک وقوم کی سلامتی ودفاع کیلئے لازوال قربانیوں کی تاریخ رقم کی اور اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کردیا۔یوم دفاع ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جس دن پاک افواج کے ساتھ ساتھ پوری قوم نے سیسہ پلائی دیوار کی مانند اپنے سے تین گنا دشمن کو نیست ونابود کردیا،وہ دشمن آج بھی ہماری صفوں میں انتشار پھیلانے کے لئے کوشاں ہے۔اقرا یونیورسٹی میں آمد میرے لئے انتہائی باعث مسرت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اقرا یونیورسٹی کے زیراہتمام یوم ِ دفاع کی مناسبت سے تقریب بعنوان “ہمیں پیار ہے پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ عسکری حکام،اعلیٰ حکومتی شخصیات،عمائدین ِشہر اورشہدا پاک فوج کے معزز خاندان سمیت ہزاروں طلبا شریک تھے۔انھوں نے جناب حنید لاکھانی اور ڈاکٹر وسیم قاضی کو کامیاب اور پروقار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
چیئرمین اقرا یونیورسٹی حنید لاکھانی نے مہمان خصوصی ریئر ایڈمرل معظم الیاس کو ان کی اقرا یونیورسٹی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 6ستمبر یعنی یوم دفاع ہر قسم کے تعصبات کو پاک کر کے، مسلمانوں کے باہم اتحاد و یگانگت کا عملی مظہر ہے جس نے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا تھا۔مسلم قومیت کی بنیاد رنگ، نسل، علاقہ اور زبان سے ماورا محض دین اسلام کی بنیاد پر ہے جو انہیں آپس میں جوڑے رہنے کے بعد سیسہ پلائی دیوار بنا دیتی ہے اور جس کا عملی مظہر 6 ستمبر کا وہ سنہرا دن تھا جس میں محض جذبہ ایمانی کے ذریعے بھارت کے شب خون کا منہ توڑ جواب دیا گیا تھا۔وطن عزیز کے جانبازوں نے جارحیت کا مظاہرہ کرنے والے دشمن کو جرات و بہادری کے وہ جوہر دکھائے کہ اپنے سے کئی گناہ زیادہ فوج اوجدید اسلحے سے لیس فوج کو شکست سے دو چار کر دیا، ان کے جدید جنگی ساز و سامان اور جہازوں کے مقابلے میں جب پاکستانی شاہین پرانے جہازوں اور توپوں کے ساتھ برسر پیکار ہوئے تو ممولے کو شاہین سے لڑانے کی مثال صادق ہوتی دکھائی دی۔ہر سال یوم دفاع آتا ہے اور پاکستانی قوم ”یوم قراردادپاکستان“ یعنی 23مارچ اور ”یوم آزادی پاکستان“ یعنی14اگست کی طرح 6ستمبر یعنی ”یوم دفاع پاکستان“پورے جوش و جذبے سے مناتی اور دفاع وطن کیلئے قربان ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اقرا یونیورسٹی کے زیراہتمام یوم ِ دفاع کی مناسبت سے تقریب بعنوان “ہمیں پیار ہے پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ عسکری حکام،اعلیٰ حکومتی شخصیات،عمائدین ِشہر اورشہدا پاک فوج کے معزز خاندان سمیت ہزاروں طلبا شریک تھے۔
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے مہمانان گرامی کو خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک میں امن،معیشت اور خوشحالی اس وقت آ سکتی ہے جب اس ملک کی سرحدیں مضبوط ہوں۔ سرحدوں کی مضبوطی مضبوط اور جانبازجوانوں کے مضبوط حوصلوں کی مرہون منت ہوتی ہے۔ صد شکر ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، مضبوط معیشت اور پرامن ہونے میں افواج پاکستان کا شروع سے مثالی اور قابل تحسین کردار چلا آ رہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ اسلام سے وابستگی ہے جس نے ہماری بہادر افواج کے جانبازوں اور سرفروشوں کو اسلامی ریاست پر قربان ہو جانے جذبہ اور باہم متحد رہنے کا سبق دیا ہے، یہی وہ مبارک جذبہ تھا جس کی بنیاد پر ہم کل تک ناقابل شکست قوم رہے اور اسی جذبے کی بدولت ہی ہم آئندہ ایک ناقابل شکست قوم کی حیثیت سے باقی رہ سکتے ہیں۔اس تاریخی حقیقت کو کبھی فراموش نہ کیا جائے کہ پاکستان صرف ایشیا کے مسلمانوں کا قلعہ نہیں ہے بلکہ یہ تمام عالم اسلام کا مضبوط قلعہ ہے اگر یہ قلعہ مضبوط و مستحکم ہوگا تو سارے عالم اسلام کے لئے قوت و استحکام کا سبب ہوگا اگر یہ قلعہ کسی لحاظ سے کمزور ہوا تو پورا عالم اسلام متاثر ہوگا۔ اس لیے اس میں مضبوط اورمستحکم کرنے اور اس کے دفاع کے لیے جو جذبہ6 ستمبر1965ء کی جنگ میں تھا اسی جذبے کو زندہ رکھنے سے پاکستانی قوم ہمیشہ زندہ رہے گی۔آئیں مل کر عہد کریں کہ جس دن اس پاک دھرتی نے ہمیں اپنے دفاع کیلئے پکارا، میں اور آپ ہماری بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونگے اور اس پاک سرزمین کی سلامتی اور دفاع کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔ اس موقع پر طلبا کی جانب سے شہدا کو خراج ِتحسین پیش کرنے کیلئے تقاریر،ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کئے گئے۔