چیئرمین بلدیہ وسطی کا تمام زونز کا ہنگامی دورہ،عاشورۂ محرم کے سلسلے میں صفائی ستھرائی اور روشنی کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا

 
0
947

مختلف مساجد ، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے منتطمین سے بھی ملاقات کی

کرا چی،ستمبر 10(ٹی این ایس): چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے تمام زونز کا ہنگامی دورہ کیا اور عاشورۂ محرم کے سلسلے میں صفائی ستھرائی اور روشنی کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مختلف مساجد ، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے منتطمین سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بلدیہ وسطی کے ایم اینڈ ای، بی اینڈ آر اور سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران سے عاشورۂ محرم پر کئے جانے والے انتظامات کی تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر محمد وسیم سومرو ،سپریٹنڈنگ انجینئر نازش رضا، محکمہ سینی ٹیشن کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ریحان ہاشمی نے کہا کہ مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کرنے کے ساتھ مساجد و امام بارگاہوں جانے والے تمام راستوں کو بھی صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی پیوند کاری اور گڑھوں کی بھرائی کو بھی ممکن بنایا جائے جبکہ رات کے وقت روشنی کا اضافی انتظام کیا جائے تاکہ عزادارانِ امام حسین ؑ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے جلوسوں کے راستوں پر پانی اور شربت کی سبیل لگانے کی ہدایت بھی کی ۔ریحان ہاشمی نے واٹر و سیوریج بورڈ کے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ واٹر و سیوریج لائنوں کی لیکج کو بھی فوری طور پر بند کیا جائے۔ اس موقع پر چیئرمین ریحان ہاشمی نے یوسی چیئرمین کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مساجد،و امام بارگاہوں،مجالس اور جلوس منتظمین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ بھی ضرورت کے تحت فوری طور پر اقدامات کئے جاسکیں۔ واضح رہے کہ تمام عالمِ اسلام کی طرح پاکستان میں بھی عاشورۂ محرم روائتی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتاہے۔ ضلع وسطی میں بھی شہادتِ امام حسین کے سلسلے میں لاتعداد مجالس اور محافلِ ذکرِشہادتِ امام حسین ؑ منعقد کی جاتی ہیں۔جبکہ دن کے علاوہ رات کے وقت بھی جلوس نکالے جاتے ہیں۔بلدیہ وسطی کے کارکنان عشرۂ محرم الحرام کے دوران دینی جذبہ کے ساتھ عزادارانِ امام حسین کی خدمت اور سہولت کی خاطر اپنی خدمات مہیا کرتے ہے۔ روزآنہ صفائی کے ساتھ ساتھ خصوصی صفائی مہم بھی ضلع وسطی میں صفائی رکھنے کے لئے ممد و معاون رہتی ہے۔ محرم الحرام تمام عالمِ اسلام کو نواسۂ رسول امام حسین ؑ اور ان کے اہلِ خانہ و اصحاب کی مظلومیت کی یاد دلاتا ہے ۔ عالمِ اسلام میں امام حسین کی شہادت اور واقعۂ کربلاکا تذکرہ ہر سطح پر کیا جاتاہے جس سے یہ سب ملتا ہے کہ جب دین پر آنچ آنےلگے تو پھر دین بچانے کے لئے جان کا نذرانہ دینے میں کوئی مذائقہ نہیں۔