کلثوم نوازکا جسدخاکی’مادرجمہوریت الوداع ‘کےنعروں میں رخصت

 
0
412

سینکڑوں ن لیگی کارکنان نے کلثوم نواز کے جسد خاکی کو لے جانے والی گاڑی کوگھیرے میں لیے رکھا اور”مادرجمہوریت الوداع الوداع“ کے نعروں سے خراج عقیدت پیش کیا

لندن ستمبر 13 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازکے جسد خاکی کو”مادرجمہوریت الوداع الوداع“ کے نعروں کی گونج میں لندن سے رخصت کیا گیا، ن لیگ کے سینکڑوں کارکنان نے کلثوم نواز کی میت کولے جانے والی گاڑی کوگھیرے میں لیے رکھا اور”مادرجمہوریت الوداع الوداع“ کے نعرے بلند کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے کارکنان اور پاکستانی کمیونٹی کے سینکڑوں افراد نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد کلثوم نواز کے جسد خاکی کولے جانے والی گاڑی کوجب ہیتھروایئرپورٹ کی جانب روانہ کیا گیا تون لیگ کے سینکڑوں کارکنان نے ان کی گاڑی کوگھیرے میں لے لیا، اور بلند آواز میں ”مادرجمہوریت الوداع الوداع“ کہہ کران کوخراج عقیدت پیش کیا جبکہ انہی نعروں کی گونج میں ان کے جسد خاکی کوپاکستان کیلئے روانہ کیا گیا۔

اس سے قبل بیگم کلثوم نوازکی لندن میں نمازجنازہ ادا کی گئی۔

لندن ریجنٹ پارک مسجد میں کلثوم نوازکی نمازجنازہ امام شیخ خلیفہ عزت نے پڑھائی۔ نمازجنازہ میں مرحومہ کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز، سمدھی اسحاق ڈار، شہبازشریف،چوہدری نثار،عزیز واقارب، سابق وزیراعظم چودھری عبدالمجید سمیت پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ بیگم کلثوم نوازکی میت کل صبح6 بجے لاہور ایئرپورٹ پرپہنچ جائے گی۔

کلثوم نواز کی میت پی کے758 کے ذریعے پاکستان لائی جائے گی۔جس کے بعد ان کی نماز جنازہ جاتی امراء میں شریف میڈیکل سٹی کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ کلثوم نواز کی تدفین ان کے مرحوم سسرمیاں شریف کے پہلو میں کی جائے گی۔ شہبازشریف کلثوم نوازکی میت لینے کیلئے لندن پہنچ گئے ہیں۔ واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن میں11ستمبر بروزمنگل کوانتقال کرگئی تھیں، کلثوم نوازکینسر کے مرض میں مبتلا تھیں، ایک سال25 دن لندن میں زیرعلاج رہیں، انہیں پھیپھڑوں کی سنگین بیماری کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔

کلثوم نواز17اگست 2017 میں کینسر کی بیماری کے علاج کیلئے لندن گئی تھیں۔ گزشتہ سال 22 اگست کوکلثوم نواز کی بیماری کی تصدیق ہوئی تھی۔ بیگم کلثوم نواز13مہینے لندن میں زیرعلاج رہیں۔ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازکی وفات کے بعد ان کے شوہر سابق وزیراعظم نوازشریف ،بیٹی مریم نواز، داماد کیپٹن ر صفدرجوکہ ایون فیلڈ ریفرنس میں اڈیالہ جیل میں قید کاٹ رہے ہیں ۔ان کوپیرول پررہائی دی گئی۔ تاکہ وہ اپنی اہلیہ کے نمازجنازہ میں شرکت کرسکیں۔