میرے چاروں بچے نمازی ہیں ؛ بیگم کلثوم نواز

 
0
572

اسلام آباد ستمبر 13 (ٹی این ایس) : سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز دو روز قبل انتقال کر گئیں تھیں۔مخلت سیاسی و سماجی رہنماوں سمیت صحافی بھی بیگم کلثوم نواز کے ساتھ گزارے یادگار لمحات سے متعلق بتا رہے ہیں۔معروف صحافی انصار عباسی بھی ان سے متعلق لکھتے ہیں کہ بیگم کلثوم نوازانتقال کر گئیں۔ اللہ تعالیٰ اُن کو جنت الفردوس میں جگہ اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

مجھے بیگم صاحبہ سے چند بار ملنے اور اُن سے تفصیلی بات چیت کا موقع ملااور جیسا کہ عمومی طورپر کہا جا رہا ہے وہ ایک انتہائی نفیس، ملنسار اور گھریلو خاتون تھیں۔ مجھے جو بات اُن میں سب سے اچھی لگی وہ اُن کا اسلام کی طرف رجحان ہونا تھا۔ نہ صرف نماز روزہ کی خودپابند تھیں بلکہ اُنہوں نے مجھے ایک بار خود فخر سے یہ بات بتائی کہ اُن کے چاروں بچے نمازی ہیں۔

مجھے اس بات کا بھی علم ہے کہ میاں نواز شریف کی گزشتہ دور حکومت کے دوران چند ایک ایسے حکومتی اقدامات جن پر دینی سوچ رکھنے والے طبقوں نے بہت اعتراض کیا، اُن کے متعلق بیگم صاحبہ کے بھی شدید تحفظات تھے۔ چند سال پہلے جب نواز شریف وزیر اعظم تھے تو میری بیگم کلثوم نواز صاحبہ سے ملاقات ہوئی جس میں میں نے اُن سے درخواست کی کہ وزیر اعظم کی بیوی ہونے کے ناطے اُنہیں چاہیے کہ وہ نواز شریف پر اس بات کا پریشر رکھیں کہ حکومت ہر ممکن ایسے اقدامات کرے جس سے ہمارے معاشرتی ماحول کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالا جا سکے اور مغربی کلچر اور بے حیائی کو پھیلنے سے یہاں روکا جا سکے۔

بیگم صاحبہ خود بھی یہی سوچ رکھتی تھیں کہ ہمیں اپنی دینی و معاشرتی اقدارکی حفاظت کرنی چاہیے۔ پاکستان میں بسنے والی اکثریت کی طرح وہ میڈیا کے ذریعے فروغ دیے جانے والے مغربی کلچر سے بھی نالاں تھیں۔