ڈپٹی کمشنر ضلع ٹھٹھہ محمد نواز سوہو نے پولیو اور دیگر موزی امراض کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ  این جی اوزکو خصوصی ہدایات جاری کر دیں

 
0
521

ٹھٹھہ ،ستمبر 13(ٹی این ایس) ڈپٹی کمشنر محمد نواز سوہو نے ضلع ٹھٹھہ میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کے نمائندوں پر زور دیا ہے کہ وہ ضلع بھر میں پولیو سمیت دیگر مختلف مہلک امراض کا خاتمہ لانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اس نیک کام میں ضلعی انتظامیہ باالخصوص محکمہ صحت سے تعاون کریں اور مربوط رابطے میں رہیں تاکہ آئندہ نسلوں کو پولیو، خسرہ و دیگر مختلف بیماریوں سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال مکلی میں ضلع میں کام کرنے والی مختلف این جی اوز کے نمائندوں سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹھٹھہ ڈاکٹر خدا بخش میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی کے علاوہ ڈبلیو ڈبلیو ایف، مرف، انڈس ارتھ، ہینڈز، این آر ایس پی، یونیسیف، سافکو، سرسو، ڈبلیو ایچ او و دیگر مختلف این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام این جی اوز روٹین کے کام کے ساتھ ساتھ پولیو و دیگر مختلف مہلک بیماریوں سے بچاء کیلئے بھی اقدامات اٹھائیں تاکہ ضلع بھر کو ہمیشہ کیلئے پولیو سے پاک اور دیگر بیماریوں سے محفوظ کیا جا سکے۔ انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جن بھی علاقوں میں اپنے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں ان کی تفصیلات محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ انہیں بھی ارسال کریں۔ انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں پولیو ٹیموں کی مدد کیلئے اپنے اداروں میں کام کرنے والے میل و فیمیل ملازمین کی فہرست پیش کریں تاکہ ان کی بھی اس نیک اور قومی کام میں خدمات حاصل کرکے مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔ اس موقع پر مختلف این جی اوز کے نمائندوں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور ضلع میں جاری مختلف فلاحی منصوبوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے بھی انہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔