ذرائع ابلاغ کے شعبہ میں جاپان کی طرف سے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جائے گا

 
0
498

اسلام آباد ستمبر 25 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ذرائع ابلاغ کے شعبہ میں جاپان کی طرف سے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ جاپان کے لئے مختلف معاشی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ جاپان اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات قابل ستائش ہیں، پاکستان کے مشکل وقت میں جاپان نے ہمیشہ کھلے دل سے تعاون کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو ان کے آفس میں ان سے ملاقات کی ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان مضبوط تجارتی دوطرفہ تعلقات ہیںجن پر پاکستان کو ہمیشہ فخر رہا ہے۔ جاپان اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے دنیا میں ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے، اسے پاکستان میں آزادانہ منصوبوں کے لئے آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کو ملک کے تشخص کو مثبت انداز میں اجاگر کرنے کے لئے ایک موثر حیثیت حاصل رہی ہے لیکن میڈیا کو دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خلاف بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے تحت فلم، ڈرامہ اور مشترکہ پروڈکشن کی ضرورت ہے، اس سے دوطرفہ ثقافتی اقدار کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے جاپان کے تعاون سے کراچی اور اسلام آباد میں جدید آلات سے آراستہ میڈیا سنٹرز اور سٹوڈیوز کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔ وزیر اطلاعات نے جاپانی آلات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 1947ء میں پاکستان کے قیام کا تاریخی اعلان کرتے ہوئے استعمال کیا جانے والا مائیک بھی جاپان کا بنا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی ثقافت سے استفادہ کرنے کے لئے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے دروازے جاپان کی ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے لئے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں۔
وزیراطلاعات نے پاکستانی ناظرین کے لئے جاپانی فلم اور ڈرامے کی ڈبنگ کر کے پیش کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی شعبوں سمیت قانون، ذرائع ابلاغ اور اطلاعات کے لئے تعاون کے فروغ اور تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں آٹو موبائل کے شعبہ سمیت 83 جاپانی کمپنیاں کاروبار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان اور اس کے عوام کے بہترین مفاد میں سی پیک منصوبے کی تکمیل کا خواہاں ہے۔جاپان ہمیشہ مقامی افرادی قوت کی تربیت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے معاون رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات اور زلزلہ سے متعلق موبائل فون اور ٹیلیویژن کے ذریعے پیشگی اطلاع کے حوالے سے انٹیگریٹڈ سروسز ڈیجیٹل براڈ کاسٹنگ ٹیرسٹرائیل سسٹم پر مشتمل ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لئے جاپان ہر ممکنہ تعاون کے لئے تیار ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے جاپانی سفیر کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے تفصیلی جائزہ کے لئے دونوں طرف کے ماہرین کی ملاقات کا اہتمام کیا جانا چاہیے۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ جاپان اور جاپانی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کا منتظر ہے۔ سفیر نے چوہدری فواد حسین کو وزارت اطلاعات و نشریات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔