کراچی جنوری 07 (ٹی این ایس): سندھ کے وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ صوبے کی جیلوں سے جیمرز ہٹانے کا فیصلہ کیاہے، تمام خطرناک قیدی ایک جیل میں منتقل کردیئے جائیں گے ۔پیرکومیڈیا سے گفتگو میں سید ناصرحسین شاہ نے کہاکہ خطرناک قیدیوں کو شہر سے دور منتقل کریں گے، صرف اس جیل میں جیمرز لگائیں گے جہاں خطرناک قیدی ہوں ۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں 25 جیلز ہیں ، جن میں سے 5 سینٹرل جیلز ہیں، 11 ڈسٹرکٹ جیلز، 4 خواتین کی ، 4 بچوں کی اور ایک کھلی جیل ہے۔سینٹرل جیلز کراچی، سکھر، لاڑکانہ ، حیدرآباد اور خیرپور میں واقع ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، کمیٹی جیلوں سے جیمرز ہٹانے سے متعلق رپورٹ تیار کر کے وزیر جیل کو پیش کرے گی ۔وزیر جیل خانہ جات نے کہاکہکہ جیلوں سے جیمرز ہٹانے کا فیصلہ شہریوں کے لئے کیا گیا ہے ، شہر کے بیچ قائم جیلوں میں جیمرز لگنے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا تھا۔ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے کام شروع کردیا ہے جلد جیمرز ختم کر دیئے جائیں گے ۔