ن لیگ کا چیف جسٹس سے سیلاب فنڈ کی تحقیقات کیلئےجےآئی ٹی بنانےکا مطالبہ

 
0
363

لاہور جنوری 12 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن نے2010ء کے سیلاب فنڈ کی تحقیقات کیلئے جےآئی ٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ ن لیگ کے سینئر رہنماء احسن اقبال نے کہا کہ چیف جسٹس اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل سیلاب فنڈ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائیں،عمران خان کی ایمانداری کا میک اپ اتر چکا، عمران خان نے قوم کے چندے کے پیسے میں فراڈ کیا، حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے آج کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کودل کا عارضہ ہے۔ان کے ذاتی معالج کوچیک اپ کی اجازت نہیں دی گئی۔ حکومت ہٹلر کے زمانے کی یادیں تازہ کر رہی ہے۔ ہماری حب الوطنی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی ایمانداری کا میک اپ اتر چکا ہے۔عمران خان نے قوم کے چندے کے پیسے میں بھی دھوکا کیا ہے۔ حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل 2010ء کے سیلاب فنڈ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں تھیں کہ سی پیک آگے بڑھے۔ سرمایہ کار یا تو چلا گیا ہے یا انڈر گراؤنڈ جا چکا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث 5 سے 7 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی کسی پاکستانی سے چندا نہیں مانگا۔ ڈیم کے نام پر 13 ارب کے اشتہار لگا کرصرف 9 ارب اکٹھے ہوئے ہیں۔واضح رہے آج ن لیگ کے کارکنان نے سابق وزیراعظم اور قائد ن لیگ نوازشریف سے اظہار یکجہتی کے لیے کوٹ لکھپت جیل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ کارکنان نے نوازشریف کی تصاویر والے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر نوازشریف کے حق میں نعرے درج تھے۔ کارکنان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کیخلاف سیاسی انتقام بند کیا جائے اور انہیں فوری رہا کیا جائے۔