علماء کرام کو معاشرے کے اندر محبت، رواداری، دوسروں کے ساتھ حسن سلوک اور درگزر کی دعوت دینا ہوگی‘ مولانا طارق جمیل

 
0
369

لاہور جنوری 15 (ٹی این ایس): اسلام کا پیغام امن و سلامتی ہے۔حضور اکرم ؐ نے اپنی امت کیلئے دین اسلام کے بنیادی خدوخال کو واضح کردیا ہے۔ اللہ کے نبی ؐ نے پوری انسانیت کو عزت واحترام میں مساوی قرار دیا ہے۔اسلام کی نظر میں تمام لوگ آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ علماء کرام کو معاشرے کے اندر محبت ،رواداری ،دوسروں کے ساتھ حسن سلوک اور درگزر کی دعوت دینا ہوگی۔ انتشار اور اختلافات سے بچنا ہوگا۔یہ بات معروف عالم دین اور عالمی مبلغ مولانا طارق جمیل نے چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں ملنے والے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں مرکزی علماء کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا شبیر احمد عثمانی،مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد طیب قاسمی،حافظ مقبول احمد ،چوہدری عباس رسول ،مولانا فضل عباس ،مولانا اعظم فاروق،مولانا نعیم طلحہ ،علامہ حفیظ الرحمن ،صاحبزادہ حسین احمد قاسمی،عامر مقبول ،مولانا حسین احمد شبیر،مفتی شاہد شامل تھے۔مولانا طارق جمیل نے کہا کہ حضور اکرم ؐ نے ہر انسان کی آبرو کو قابل احترام قرار دیتے ہوئے اس کے حقوق غصب کرنے کو حرام قرار دیا ہے۔ اسلامی شریعت کی روشنی میں انسانیت پر ظلم کا مرتکب فرد اللہ تعالیٰ کا بھی مجرم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دین اسلام کو خالق و مخلوق کے درمیان اور اقوام عالم کے درمیان تعلق کی درستگی قائم کرنے کیلئے نازل کیا ہے۔انسانیت اور آدمیت میں سب لوگ اللہ تعالیٰ کی نظر میں برابر ہیںاگر کوئی دوسرے سے آگے بڑھنا چاہتا ہے تو اس کا سبب تقویٰ اور دوسرے انسانوں کی بھلائی کا جذبہ ہے۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ حضور ؐ کی تعلیمات نے دوسروں کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا درس دیا ہے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ دینی حلقوں اور مراکز کے درمیان ربط ومفاہمت کا فروغ اور مشترکہ دینی وقومی مقاصد کیلئے باہمی تعاون واشتراک کی راہ ہموار کرنا ہوگی۔نئی نسل کو اسلام اور عصر حاضر کے مطابق زندگی گزارنے کیلئے مواقع فراہم کرنا اور مثبت سوچ پیدا کرنا علماء کی ذمہ داری ہے ۔ مرکزی علماء کونسل اسلام اور پاکستان کیخلاف ہر قسم کی منفی یلغار کی روک تھام اور اس کے اثرات سے مسلم معاشرے کو محفوظ رکھنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ اس مو قع پر مولانا طارق جمیل نے مرکزی علماء کونسل کی اسلام اور پیغام پاکستان کیلئے جدوجہد کو سراہا۔