ساہیوال کے واقعہ پر پاکستان کے عوام کا غصہ بجا ہے، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ قطر سے واپسی پر گناہگاروں کو سزا دلواؤں گا۔ وزیراعظم عمران خان

 
0
566

اسلام آباد جنوری 21 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ساہیوال واقعہ پر پاکستان کے عوام کا غصہ بجا ہے۔ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ قطر سے واپسی پر گناہگاروں کو سزا دلواؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ قطرسے واپسی پر پنجاب پولیس اسٹرکچر پر نظر ثانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب پولیس میں اصلاحات کا عمل بھی شروع کروں گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج دو روزہ دورے پر قطر روانہ ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر آج قطر کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر اہم وفاقی وزرا بھی ہوں گے۔وزیراعظم پاکستان دورے کے دوران قطر کے امیر سے ملاقات کریں گے اور قطر کے ہم منصب سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان کی افرادی قوت کو قطربھیجنے کے مسئلے پربھی بات چیت کریں گے۔ گذشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال سے متعلق ٹویٹر پیغام میں دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔ سانحہ ساہیوال سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ ساہیوال پر ابھی تک میں صدمے کی کیفیت میں ہوں۔پریشان ہوں کہ بچوں کے سامنے والدین کو گولیاں مار دی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ میں صدمے سے دوچار ہوں کہ بچوں کی حالت کیا ہو گی۔ساہیوال واقعہ ہر والدین کے لیے صدمے کا باعث ہے۔صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے۔ سانحہ ساہیوال سے متاثرہ بچوں کی ذمہ داری ریاست اُٹھائے گی۔

اپنے دوسرے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی فورس نے دہشتگردی کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن قانون کے سامنے سب جوابدہ ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی جے آئی ٹی رپورٹ آئے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔ شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔

ذرائع کے مطابق قطر روانگی سے قبل وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سانحہ ساہیوال پر اب تک کی پیش رفت اور تحقیقات کے حوالے سے بریفنگ بھی لیں گے۔