وزارت منصوبہ بندی و اصلاحات نے پی ایس ڈی پی کے تحت ہائوسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کیلئے ایک ارب 88 کروڑ روپے جاری کر دیئے

 
0
372

اسلام آباد جنوری 24 (ٹی این ایس): وزارت منصوبہ بندی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں ہائوسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کیلئے مجموعی طور پر اب تک ایک ارب 88کروڑ 53لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال کے دوران 5ارب 35کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق حکومت نے موسیٰ خیل تونسہ روڈ کے لئے 20کروڑ، چمبہ ہائوس لاہور کی بحالی کے لئے 24لاکھ، سوہاوہ چکوال روڈ کے لئے 76 کروڑ، مندرہ چکوال روڈ کے لئے 30کروڑ 84 لاکھ ، ضلع مانسہرہ میں ترقیاتی کاموں کے لئے 8کروڑ 13لاکھ ، نیو سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کے لئے 9 کروڑ 93لاکھ ، نیب ہیڈ کوارٹر میں ترقیاتی کاموں کے لئے 79لاکھ ، نیب لاہور کمپلیکس میں ترقیاتی کاموں کے لئے 4کروڑ، آڈٹ کمپلیکس پشاور میں ترقیاتی کاموں کے لئے ایک کروڑ 21لاکھ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔