چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں کا مجموعی معیار بہتر بنانے کیلئے جامع روڈ میپ تیار کر لیا گیا ‘مراد راس

 
0
990

لاہور فروری 25 (ٹی این ایس): صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں کا مجموعی معیار بہتر بنانے کیلئے جامع روڈ میپ تیار کر لیا گیا ہے،چھوٹے تعلیمی اداروں میں ضروری تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،اس کے ساتھ ساتھ طالبعلموں کیلئے کھیل اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی رواج دیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے والٹن روڈ پر قینچی کے علاقے میں واقع ایک نجی تعلیمی ادارے کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر مرادراس نے کہا ہے کہ فروغ تعلیم کمائی کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ معاشرے کو سدھارنے کا مقدس مشن ہے۔نجی سکول مالکان کمائی کی بجائے تعلیم عام کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ اساتذہ سے کہا کہ وہ بچوں کی تربیت پر بھر پور توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ محنت، لگن اور جذبے سے بچوں کو پڑھائیں اور ان کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں، اساتذہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو نکھاریں اور ان میں حصول کا شوق ابھاریں تا کہ وہ معاشرے کے مفید شہری بنیں ۔ صوبائی وزیر نے پوزیشن ہولڈر طالبعلموں اور بہترین کارکردگی کے حامل اساتذہ میں کیش انعامات، اعزازی شیلڈز اور تعریفی سرٹفکیٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر طالبعلموں نے ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کئے۔