انتہاء پسندی ، دہشت گردی کرنے والے مذہب کے نہیں دہشت گردی کے نمائندے ہیں ‘طاہر محمود اشرفی

 
0
370

دہشت گردی ،انتہاء پسندی کا کسی مذہب و مسلک سے کوئی تعلق نہیں ‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل کی نیوزی لینڈ میں نمایوں پر حملوں کی مذمت

لاہور مارچ 15 (ٹی این ایس): پاکستان علماء کونسل نیوزی لینڈ میں نمازیوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے ، انتہاء پسندی ، دہشت گردی کرنے والے مذہب کے نہیں دہشت گردی کے نمائندے ہیں ، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا کسی مذہب و مسلک سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل اور متحدہ علماء بورڈ کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کا واقعہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ امن پسند قوتوں کو متحد ہو کر انتہاء پسندوں اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہو گا ، انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرنی چاہیے ، انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم خاتم الانبیاء اور رحمت للعالمین ہیں ، اسلام کا پیغام امن اور سلامتی ہے پاکستان نے گذشتہ 18 سالوں میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے عفریت کا سامنا کیا ہے ، اس لیے پاکستانی قوم دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے دکھ اور کرب کو سمجھتی ہے، اس سانحہ پر پاکستانی قوم ، علماء ، حکومت ، نیوزی لینڈ کی حکومت ، شہداء اور عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔