گلگت (ٹی این ایس) نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا ترقیاتی منصوبوں کی جدید مانیٹرنگ پر زور

 
0
4

گلگت – 10 دسمبر 2025 (ٹی این ایس): نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا ترقیاتی منصوبوں کی جدید مانیٹرنگ پر زور ناقص فزیبلٹی و غلط پی سی-1 پر افسران کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان شاہراہوں کی دوبارہ میٹلنگ اور سیوریج کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ خطے کی پائیدار ترقی کے لیے این ایف سی فارمولے کے تحت حصہ حاصل کرنا ناگزیر ہے، جس کے لیے وزیر اعظم کو خصوصی درخواست بھیجی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے کردار کو صوبائی ترقی میں کلیدی حیثیت قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹارگٹڈ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ عوام تک ترقی کے حقیقی ثمرات پہنچ سکیں۔ انہوں نے بجلی بحران کے مستقل حل کے لیے زیر تعمیر پاور منصوبوں کی بلا تعطل فنڈ ریلیز یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ناکام فزیبلٹی یا غلط PC-1 بنانے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور نامکمل یا بیمار منصوبے کسی صورت قبول نہیں ہوں گے۔

جسٹس (ر) یار محمد نے کہا کہ افسران کی نااہلی سے قومی نقصان برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سیوریج کاموں کے باعث گلگت کی شاہراہیں کھنڈر بن چکی ہیں، اس لیے شاہراہوں کی دوبارہ میٹلنگ پیور مشین سے کرانے اور سیوریج منصوبوں کو معیاری و بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے منصوبوں کی منظوری اور مانیٹرنگ سسٹم کو آن لائن کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے شفافیت، رفتار اور معیاری ڈیلیوری یقینی بنائی جا سکے گی۔