شاہ محمود قریشی کی ٹوکیو میں جاپان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ تارو آسو سے ملاقات

 
0
309

اسلام آباد اپریل 23 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معیشت کے تمام سیکٹرز میں جاپانی تاجروں اور کمپنیوں کو پیشکش کی ہے کہ وہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں پر کشش مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انہوں نے یہ بات منگل کو ٹوکیو میں جاپان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ تارو آسو سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
وزیر خارجہ نے نائب وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران کی جانب سے جاپانی حکومت اور عوام کیلئے نیک تمناوں کا پیغام پہنچاتے ہوئے جاپانی وزیر اعظم ایبے کو دورہ پاکستان کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات اور دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماوں نے خطے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ پاک جاپان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے ترقیاتی شراکت دار کی حیثیت جاپان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان معیشت کے تمام سیکٹرز میں جاپانی تاجروں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے جاپانی کمپنیوں کو پیشکش کی کہ وہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زیونز میں مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔جاپانی نائب وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔انہوں پاکستان کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے تسلسل کو جاری رکھنے کیلئے مکمل یقین دہانی کرائی۔