وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی تحسین کے پاکستانی عزم کااعادہ

 
0
334

اسلام آباد اپریل 27 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی تحسین کے پاکستانی عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع ہے کہ اس منصوبے سے علاقائی رابطوں، تعاون اور خوشحالی میں اضافے کے ساتھ ساتھ دیرینہ مسائل کے حل میں مدد ملے گی، اس منصوبے میں شامل ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے کے علاوہ ڈیجیٹل رابطوں، لیبرکی نقل و حرکت، ثقافتی رابطوں اور علم و احیاء میں بہترین شراکت داری کے چار مختلف علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے دوسری بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے عالمی تعاون پر گول میز کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چین کی شاندار ترقی اور تین دہائیوں کے قلیل عرصے میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالنے پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ اس گول میز کانفرنس کا موضوع ” رابطوں کو فروغ دے کر ترقی کے نئے ذرائع کی تلاش” تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے شریک ممالک کے درمیان وسیع تر رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل رابطوں، لیبرکی نقل و حرکت، ثقافتی رابطوں اور علم و احیاء میں بہترین شراکت داری کے چار مختلف علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، ان تجاویز کو آگے بڑھانے کے لئے وزیر اعظم نے تجویز دی کہ اس کے لئے بی آر آئی ٹور ازم کوریڈور، لیبر سکلز کی بہتری اور ان کی نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ کثیر ال لسانی ڈیجیٹل پلیٹ فارم تخلیق کیے جائیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے زور دیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ جو کہ خطے کی تقدیر بدلنے کامنصوبہ ہے، گوادر بندرگاہ اور چین کے زن جیانگ خطے سمیت رابطے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ چینی صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی تحسین کے پاکستانی عزم کااعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے علاقائی رابطوں، تعاون اور خوشحالی میں اضافے کے ساتھ ساتھ توقع ظاہر کی کہ اس سے دیرینہ مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ گول میز کانفرنس سے روس، مصر، قزاخستان، تاجکستان، ازبکستان، چلی، ایتھوپیا، جیبوتی، سنگاپور، میانمر، اٹلی، ہنگری، سنگاپور اور یونان کے رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔