سری لنکا میں سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ، 15 ہلاک

 
0
305

کولمبو اپریل 27 (ٹی این ایس): سری لنکا کی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ آپریشن جمعہ کی شب کلمونائی کے مشرقی علاقہ میں کیا گیا جسے جہادیوں کی پناہ گاہ قرار دیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ تین افراد نے خود کو دھماکے سے اُڑا دیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ گھر کے باہر سے برآمد ہونے والی لاشوں کے بھی خود کُش بمبار ہونے کا شُبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ اس گھرپر دھاوا بولنے کے ایک گھنٹے بعد تک پولیس اور عسکریت پسندوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔
ملٹری افسر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں ہفتے کی صبح برآمد کی گئیں۔ واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے حملوں میں 259 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے جس سے ملک بھر میں سوگ اور خوف کی فضا پھیل گئی تھی۔ ان دہشتگرد حملوں کی ذمہ داری داعش کی جانب سے قبول کی گئی تھی اور ذمہ داری قبول کیے جانے کے بعد سے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ملک میں موجود انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا سُراغ لگانے کا آغاز کیا، جس کے تحت جمعہ کی شب یہ آپریشن کیا گیا۔
سری لنکن پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف اس کارروائی میں پولیس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے دھماکوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے تانے بانے بھی ملے ہیں تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔