جرمنی میں شراب تیار کرنے والی ’ آئش باؤم ‘ نامی کمپنی نے بوتل پر کلمہ توحید چھاپ کر مسلمانوں کے جذبات بھڑکادیے

 
0
12348

برلن،13مئی (ٹی این ایس): جرمنی میں شراب تیار کرنے والی ’ آئش باؤم ‘ نامی کمپنی نے بوتل پر کلمہ توحید چھاپ کر مسلمانوں کے جذبات بھڑکادیے۔ ذرائع کے مطابق جرمن کمپنی نے شراب کی بوتل پر کلمہ توحید کے حامل سعودی عرب کے جھنڈے کو چھاپا، جس پر سعودی عرب سمیت دیگر مسلمان ممالک کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا۔خبررساں اداروں کے مطابق برلن میں سعودی عرب کے سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کا قومی پرچم شراب کی بوتلوں پر پرنٹ کرنا ناقابل قبول جسارت ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ سفارت خانے نے جرمن کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متنازع شراب کی بوتلیں مارکیٹ سے واپس اٹھائے اور ان پر موجود کلمہ طیہ کو ہٹایا جائے۔ نیزآیندہ کے لیے کمپنی ایسی حماقت سے گریز کرے۔واضح رہے کہ کمپنی نے اپنی شراب کی مصنوعات کے ڈبوں اور بوتلوں پر سعودی عرب کا پرچم بنانے اور اس پر کلمہ طیبہ کے الفاظ لکھنے کے بعد اس شراب کو مارکیٹ میں فروخت کرنا شروع کردیاتھا۔ یہ شراب روس میں ہونے والے عالمی فٹ بال کپ کے موقع پر فروخت کرنے کے لیے تیار کی گئی تھی۔واضح رہے کہ پوری دنیا سے مسلمانوں اور خاص طور سعودی سفارت خانے کے ردعمل کے بعد کمپنی نے فوری طور پر معافی مانگ لی ہے۔ آئش باؤم کمپنی کی طرف سے ایک معافی نامہ جاری کرتے ہوئے کہا گیاکہ انہوں نے اپنی یہ اشتہاری مہم ختم کر دی ہے اور32ممالک کے پرچموں والیشراب کی بوتلوں کی تقسیم بھی روک دی گئی ہے۔ کمپنی کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان کے اس اقدام کا مطلب کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ کمپنی ایسا گزشتہ کئی برسوں سے کر رہی ہے کہ بوتلوں کے ڈھکنوں پر فٹبال ورلڈ کپ میں شامل ممالک کے پرچم چھاپے جاتے ہیں،لیکن 2006ء کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ سعودی عرب بھی اس مرحلے تک پہنچا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ سعودی عرب کا پرچم بھی پرنٹ کیا گیا تھا، لیکن کمپنی اس کے مذہبی اور ثقافتی پس منظر سے آگاہ نہیں تھی۔