جرمن پولیس نے خاتون کے قتل کے شبہے میں ایک50سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا

 
0
438

برلن،13مئی(ٹی این ایس):  جرمن پولیس نے خاتون کے قتل کے شبہے میں ایک50سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق29سالہ مقتولہ خاتون کی لاش فرینکفرٹ کے پارک سے بدھ کے روز برآمد ہوئی تھی۔گرفتار کیے گئے شخص پر شبہہ ہے کہ وہ جرمن خاتون کے قتل میں ملوث ہو سکتا ہے۔مقامی حکام کے مطابق مشتبہ شخص کو عدالت کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی جانے والی خاتون کو گزشتہ برس پولیس کے سامنے جھوٹا بیان دینے پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مقتولہ نے ہراساں کیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ برس اس خاتون نے کہا تھا کہ2017ء کی سال نو کی تقریبات کے موقع پر کولون میں عرب مردوں نے اسے ہرساں کیا تھا۔ یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اس کے قتل کی واردات کا تعلق آیا اس کے بیان سے بھی ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ قتل کے اس واقعے کی چھان بین کا سلسلہ جاری ہے اور جلد ہی حقائق منظر عام پر آ جائیں گے۔ واضح رہے کہ مقتولہ کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہو گیا تھا اور اس تناظر میں جھوٹا بیان دینے پر اس پر فرد جرم بھی عائد کی گئی تھی۔