قانون کے رکھوالے ہی قانون شکن بن گئے، پولیس اہلکار بغیر ہیلمٹ موبائل فون کا استعمال کرتا سڑکوں پر گھومتا رہا

 
0
277

لاہور اپریل 30 (ٹی این ایس): قانون کے رکھوالے ہی قانون شکن بننے لگے۔ سوشل میڈیا پر ایک پولیس اہلکار کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں پولیس اہلکار کو موٹر سائیکل پر بغیر ہیلمٹ اور موبائل فون کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پولیس اہلکار لاہور کی معروف شاہراہ مال روڈ پر موٹرسائیکل پر بغیر ہیلمٹ کے سوار ہے اور دوران سفر وہ موبائل فون کا بھی استعمال کر رہا ہے جبکہ مال روڈ پر ٹریفک قوانین کی سختی سے پاسداری کی جاتی ہے۔
اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی تو صارفین نے سی ٹی او کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کیا قانون صرف غریب عوام کے لیے ہی ہے؟ اگر کوئی غریب شخص موٹر سائیکل پر ہیلمٹ نہ پہنے یا دوران سفر موبائل فون کا استعمال کرے تو اُس کا فوری طور پر چالان کر دیا جاتا ہے جبکہ چالان کی رقم وصول کرنے کے لیے اُسے ہراساں بھی کیا جاتا ہے لیکن چونکہ کسی نے وردی پہن رکھی ہے اور وہ پولیس اہلکار ہے لہٰذا ان پر کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔
آخر ملک بھر میں قانون کا ایسا دوہرا معیار کیوں ہے؟ صارفین نے قانون کی اس تقسیم کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے کہا کہ کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کو تو بالخصوص پولیس اہلکاروں سے قانون کی پاسداری کروانی چاہئیے شہریوں اور عوام کے لیے مثال بنانا چاہئیے لیکن پولیس اہلکار قانون کی رکھوالی کرنے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بجائے اُلٹا قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں جس سے قانون کو پاؤں کی جوتی سمجھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
اگر قانون کے رکھوالے ہی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کریں گے تو دیگر شہریوں کو بھی موقع ملے گا اور سزا ملنے یا چالان ہونے پر وہ ایسے اہلکاروں کی ہی مثال دیں گے۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کو اس حوالے سے سخت ایکشن لینا چاہئیے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اعلیٰ افسران کو قانون کی حکمرانی اور قانون کی پاسداری کا خاص خیال رکھنا چاہئیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئیے کہ پولیس اہلکار بھی عام شہری کی طرح قانون کی پاسداری کریں تاکہ عوام بھی انہی کی تقلید کریں۔