اقتصادی امور ڈویژن اسلام آباد ترقیاتی بینک کے تعاون سے سندھ اور خیبر پختونخواہ کے مخصوص اضلاع میں موبائل ہیلتھ کلینک کا پائلٹ پروجیکٹ متعارف کرا رہی ہے، ظفر مرزا

 
0
357

اسلام آباد مئی 03 (ٹی این ایس): وزیر مملکت برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اقتصادی امور ڈویژن اسلام آباد ترقیاتی بنک کے تعاون سے صو بہ سندھ اور خیبر پختونخواہ کے مخصوص اضلاع میں موبائل ہیلتھ کلینک کا پائلٹ پروجیکٹ متعارف کرا رہی ہے۔ جمعہ کو یہاں نیشنل لائبریری میں اس حوالے سے منعقدہ خصو صی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پائلٹ پراجیکٹ کے پہلے مرحلہ کے دوران کے پی کے اور سندھ کے اضلاع میں 15 موبائل کلینکس کے پہلے بیج کا آج سے آغاز کیا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخواہ کے 6 اضلاع کے علاوہ قبائلی علاقہ جات کے اضلاع اور سندھ کے اضلاع شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں کوہستان،سانگلہ، کوہاٹ، لکی مروت، ڈی آئی خان، کرم ، اورکزئی اور مہمند کے اضلاع سمیت صوبہ سندھ میں میر پور خاص، عمر کوٹ، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول کے اضلاع شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ میں حکومت پاکستان کے محکمہ صحت، صوبائی اور ضلعی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹس میں قریبی اشتراک کار کو یقینی بنایا جائے گا اور یہ کلینکس ڈسٹرکٹ ہیلتھ سسٹم میں توسیع کے تحت کام کریں گے جس میں صحت اور صحت کی خدمات تک رسائی نہ رکھنے والے دیہی عوام کو آئندہ پانچ سال کے دوران صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔
ظفر مرزا نے موبائل ہیلتھ کلینک کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منصوبہ سے پاکستان کے دو صوبوں کے مختلف اضلاع میں آئندہ پانچ سال کے دوران علاج معالجے کی بہتر سہولیات سے 10 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل یونٹ روزانہ آٹھ گھنٹے خدمات سرانجام دیں گے جن میں مختلف بیماریوں کے علاج معالجہ اور ان کے سدباب کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے، تشخیص کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، لیبارٹری کی خدمات ، پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کی سہولیات، بچوں کے علاج معالجے اور متعدی امراض کے علاوہ سرجیکل موبائل کلینکس سے چھوٹے آپریشنوں کی بنیادی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی تاکہ صحت کی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔