لاہور مئی 06 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے قانونی مشیروں کو طلب کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خواجہ حارث اور ان کی دیگر لیگل ٹیم نواز شریف سے مشاورت کرے گی۔نواز شریف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوبارہ ضمانت کے لیے رابطہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔جب کہ ن لیگ کے رہنما آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج کسی پارٹی رہنما سے نہیں ملیں گے۔
نواز شریف کے ذاتی معالج کا ان کا طبی معائنہ کریں گے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کی مدت کل ختم ہو رہی ہے جس کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔جب کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کارکنان اور عوام کے نام ایک پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا کہجیل اور قید میرا عوام سے رشتہ نہیں توڑ سکتی۔ نہ کل کوئی ڈکٹیٹر یہ رشتہ توڑ سکا اور نہ ہی آج کوئی ڈوری ہلانے والا یہ رشتہ توڑ سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ پورے ملک کو ایک جیل میں بدل دیا گیا ہے۔ ہمیں یہ زنجیریں توڑنا ہوں گی اور قید سے نکلنا ہو گا۔ اُٹھو اور ایک تحریک بن کر پھیل جاؤ۔ عظیم فتح ہماری منتظر ہے۔جب کہ دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی جیل واپسی کے موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنان نے اظہار یکجہتی کیمپ لگانے کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے۔ن لیگ نے سابق وزیراعظم اور پارٹی قائد سے اظہار یکجہتی کے لیے 10 کیمپ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس حوالے سے مسلم ليگ ن کا سيکرٹريٹ ماڈل ٹاؤن ميں آج مشاورتی اجلاس بھی ہوگا۔ اپوزيشن ليڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شريف اجلاس کی صدارت کریں گے۔اجلاس میں نواز شريف سے اظہار یکحيہتی کے لئے مختلف مقامات پر 10 کيمپ لگائے جانے سے متعلق بات چیت ہو گی اور پٹرول کی قيمتوں ميں اضافے کے خلاف شہر بھر ميں بينرز آويزاں کرنے کے فیصلے پر بھی غور کیا جائے گا۔