#سرفراز_کو_گھر_بھیجو; پاکستان کی بھارت کے خلاف شکست پر شائقین برہم

 
0
420

قوم سے پیسوں سے عیاشی کرنے والے کھلاڑیوں کے احتساب اور انہیں ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ
لاہور جون 17 (ٹی این ایس): گذشتہ روز پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ورلڈکپ 2019 ء میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا ہے لیکن پاکستانی شائقین نے بد ترین کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ قوم کے پیسوں پر عیاشیاں کرنے والے کھلاڑیوں کا احتساب ہونا چاہئیے۔
کرکٹ شائقین نے مطالبہ کیا کہ میچز میں پرفارم نہ کرنے والے والوں کو بھاری جُرمانہ عائد کیا جائے ۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کھلاڑی فائیو اسٹار ہوٹلز میں قیام اور عوام کے پیسوں سے کی جانے والی عیاشی کے لائق نہیں ہیں۔ انہوں نے بھارت کے خلاف میچ میں بد ترین کارکردگی کا مظاہر کیا جس میں کوئی حکمت عملی یا تیاری نظر نہیں آئی۔ اس حوالے سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صارفین نے سرفراز سے ٹیم کی کپتانی واپس لینے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر باقاعدہ ایک ٹرینڈ بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز کو گھر بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس ٹرینڈ (#سرفراز_کو_گھر_بھیجو) کے ساتھ ساتھ کرکٹ گراؤنڈ میں گذشتہ روز سرفراز کی جمائیاں لینے کی تصویر پر بھی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ یہ تصویر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی میچ سے متعلق سنجیدگی اور تیاری کو ظاہر کرتی ہے۔


ایک صارف نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی جم میں ورک آؤٹ کی ویڈیو بھی شئیر کی اور کہاکہ یہ ہوتی ہے محنت ۔