عمران خان صدر پیوٹن کی دعوت پر ستمبر میں روس کا دورہ کریں گے، ولادی ووستوک میں 4 سے 6 ستمبر تک منعقدہ ایسٹرن اکنامک فورم پاکستانی وزیراعظم مہمان خصوصی ہونگے

 
0
250

اسلام آباد جولائی 06 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر ویلادی میر پیوٹن کی دورہ روس کی دعوت قبول کرلی جس کے بعد اب وہ ستمبر میں روس کا دورہ کریں گے‘وزیراعظم کے دورہ روس کی تصدیق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کے دوران کی. انہوں نے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے بعد روس کا بھی دورہ کریں گے‘ادھر ذرائع کے مطابق روس کے شہر ولادی ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم 4 سے 6 ستمبر تک منعقد ہوگا جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم پاکستان وہاں جائیں گے.
اس کے علاوہ بھارتی وزیراعظم بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے روس جائیں گے اور ایک مرتبہ پھر پاک بھارت وزرائے اعظم ایک چھت کے نیجے ہوں گے‘ذرائع کے مطابق روسی صدر نے وزیراعظم پاکستان کو پیغام دیا کہ انہیں کثیر الملکی کانفرنس میں عمران خان کی شرکت سے خوشی ہوگی. وزیراعظم عمران خان نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ضرور جائیں گے‘ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی صدر نے یہ دعوت کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران دی تھی.
وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے روسی صدر سے غیر رسمی گفتگو کا بتایا تھا اوراپنے پیغام کے ساتھ روسی صدر سے بات چیت کرتے ہوئے لی گئی تصویر بھی لگائی تھی. فیس بک پوسٹ میں عمران خان نے روس کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا وزیراعظم کے پیج پر شیئر کی گئی تصاویر میں دونوں سربراہان بے تکلفانہ انداز میں گفتگو کرتے دکھائی دیے.
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ستمبر میں روس جائیں گے جہاں وہ روسی شہر ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کریں گے‘وزیر اعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی کانفرنس میں شرکت کریں گے. وزیر اعظم عمران خان کی 13 جون کو روسی صدر سے غیر رسمی ملاقات میں روسی صدر نے وزیر اعظم سے سابقہ حکومتوں کے رویے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں پاکستان نے اس سطح پر رابطہ نہیں کیا جس پر ہونا چاہیئے تھا. روسی صدر کا کہنا تھا کہ پاک روس تعلقات کی مضبوطی کے لیے سابق حکومتوں نے موثر کردار ادا نہیں کیا آخری اعلیٰ سطح کا رابطہ جنرل مشرف کے دور اقتدار میں ہوا تھا. اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان روس سے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور وسعت کا خواہشمند ہے.