ٹریفک پولیس نے ”پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی“ پر عمل شروع کر دیا ملک بھر میں وارڈنز کی شہریوں کو سلیوٹ کرنے کی تصاویر سامنے آگئیں

 
0
439

اسلام آباد جولائی 14 (ٹی این ایس): ٹریفک پولیس نے ”پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی“ پر عمل شروع کر دیا ہے۔ ملک بھر میں وارڈنز کی شہریوں کو سلیوٹ کرنے کی تصاویر سامنے آگئی ہیں۔ خیال رہے کہ تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی خصوصی ہدایت پر شہریوں سے خوش اخلاقی ،صبر و تحمل سے پیش آئیںاور اُن کے درپیش مسائل اور ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گہا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی سکیورٹی وقار احمد چوہان اور ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے اس خصوصی مہم کا خود آغاز کیا تھا دونوں افسران نے خود روڈ پر کھڑے ہو کر شہریوں سے خوش اخلاقی اور صبر و تحمل سے پیش آنے کا عملی مظاہرہ کیا اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی وقار احمد چوہان نے ٹریفک افسران و جوانوں کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہری کے ساتھ بد تمیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ہر شہری ہمارے لیے قابل احترام ہے ان کی عزت نفس کا ہر صورت احترام کیا جائے انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے پہلے سلام کریں اور پھر قانون کے مطابق کاروائی کریں انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے بد تمیزی سے پیش آنے والے اور غیر مناسب رویہ اختیار کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی اس خصوصی مہم کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان موجود غلط فہمیوں کو بھی دور کرنا ہے ۔