آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بیٹے پر اربوں روپے کا پلازہ بنانے کا جھوٹا الزام لگانے والے احتشام افغان نے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی

 
0
513

راولپنڈی جولائی 14 (ٹی این ایس): آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بیٹے پر اربوں روپے کا پلازہ بنانے کا جھوٹا الزام لگانے والے احتشام افغان نے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔ احتشام افغان نامی ٹویٹر ہینڈلر کے اکاوٴنٹ سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کیا جا رہا تھا کہ ان کے بیٹے نے لاہور گلبرگ میں 13ارب روپے پلازہ بنایا ہے، ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پیسا کہاں سے آیا؟ اس حوالے سے ایک صحافی نے ڈی جی آئی پی آر میجر جنرل آصف غفور کی توجہ اس طرف دلائی تو انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وہ اس پروپگنڈہ کے بارے میں سب جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم اس پروپگنڈہ کے پیچھے چھپی طاقتوں کو بھی جانتے ہیں اور ہم خود جان بوجھ کر ان جھوٹوں کو نظرانداز کر رہے ہیں۔ سچ سامنے آہی جاتا ہے، ابھی وقت نہیں آیا یا ایسے سمجھیں کہ ہمارے پا س ایسے جھوٹوں کے لیے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ضرورت پڑی تو ایسے معاملات کو قانونی طور پہ دیکھا جائے گا۔


ڈی جی آئی پی آر کی اس ٹویٹ کے بعد اس ٹویٹر اکاوٴنٹ سے متذکرہ ٹویٹ ہٹا دی گئی جس پر میجر جنرل آصف غفور نے دوسری ٹویٹ میں کہا کہ اتنی جلدی ٹویٹ ہٹا دی، کسی ایسے پروپگنڈہ کو کیوں پھیلاتے ہیں جس کو آپ خود اپنا مان نہیں سکتے اور نہ جس کے ساتھ کھڑے ہو سکتے ہیں؟ سوشل میڈیا کا غلط استعمال کیوں کیا جا رہا؟انہوں نے مزید کہا کہ میں اسی لیے کہتا ہوں کہ ہماری یوتھ کی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
سوشل میڈیا کا صحیح استعمال کریں۔


ان ٹویٹس کے بعد احتشام افغان نامی اکاؤنٹ ہی ٹویٹر سے مٹ گیا ہے اور اکاؤنٹ کے مالک نے اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے۔