لاہور جولائی 20 (ٹی این ایس): پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کی چیئرپرسن سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ حکومت نے پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ماضی کی شاہ خرچیوں اور اللّے تللّے کرنے کے بجائے قومی خزانے کا رُخ غریب عوام کی فلاح و بہبود کی طرف موڑ دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے 65سال سے زائد عمر کے بزرگوں کی مالی معاونت کیلئے 3ارب روپے کی لاگت سے ’’باہمت بزرگ‘‘ پروگرام متعارف کرایا گیاہے جس کے تحت غربت کا شکار ایک لاکھ 50ہزار افراد کو ماہانہ 2ہزار روپے الائونس دیا جائے گا۔
یہ بزرگ عوامی مفاد کے پیغامات اپنے اہل علاقہ تک پہنچانے میں بھی معاونت کریںگے۔ معاشرے میں بسنے والے بہت سے معذور افراد ایسے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے جو حکومت اور سماج دونوں کی توجہ چاہتے ہیں لیکن آج تک کسی نے ان محروم لوگوں پر توجہ نہیں دی ہے ایسے معذور ،بے سہارا مستحق افراد کی کفالت پر رواں مالی سال میں 3ارب 50کروڑ روپے ’’ہم قدم‘‘ پروگرام کے تحت خرچ کئے جائیں گے۔ اس پروگرام سے 2لاکھ سے زائد افراد استفادہ کریںگے۔ پروگرام کے تحت غریب اور معذور افرادکیلئے مائکرو فنانسنگ کی جائے گی۔