صوبے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کیلئے تمام اضلاع میں سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے،آئی جی پنجاب

 
0
318

لاہور جولائی 26 (ٹی این ایس): -انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خا ن نے کہا ہے کہ صوبے کو جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر سے پاک کرنے کیلئے تمام اضلاع میں سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے اور موثر حکمت عملی کے علاوہ پوری تیاری کے ساتھ خطرناک مجرموں اور شدت پسندی میں ملوث عناصرکی کمین گاہوں اور اڈوں پرچھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ ان معاشرتی ناسوروں کو پابند سلاسل کرکے شہریوں کو انکی مجرمانہ سرگرمیوں سے نجات دلائی جاسکے ۔
آئی جی نے مزید کہا کہ جرائم کی وارداتوں میں لائسنس یافتہ اسلحہ استعمال ہونے کی صورت میں لائسنس کی منسوخی کیلئے دیگر اداروں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھی جائے جبکہ ایسے اسلحے کے لائسنس کو کینسل کروانے کے ساتھ ساتھ مالکان کے خلاف بھی سخت قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن افسران نے اس حوالے سے کاروائی میں سستی یا غفلت کا مظاہرہ کیا وہ خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی سی پی او لاہو ر سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میںناجائز اسلحے کی خریدوفروخت کے خاتمے کیلئے اپنی نگرانی میں اقدامات کو یقینی بنائیں جبکہ سرکل افسران کی زیر نگرانی کچی آبادیوں ، ہوٹلز اور سرائوں میںباقاعدگی سے کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں جن کی تفصیلی رپورٹ بھی سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے ۔
آئی جی نے تاکید کی کہ صوبے کی تمام بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر مسافروں اور گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل مزید موثر بنایاجائے اور نا مکمل دستاویزات والے شہریوں اور گاڑیوں کے خلاف ضابطے کی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے ۔ یہ ہدایات انہوں نے سی سی پی اولاہورسمیت صوبے کے تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز کے نام بھجوائے گئے مراسلے میں جار ی کیں ۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی کی جانب سے آئی جی پنجاب کو سرچ اور کومبنگ آپریشنز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عید الاضحی اور محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر صوبے کے تمام اضلاع میں سرچ ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں اس سلسلے میں یکم جون سے 22جولائی تک صوبے کے تمام اضلاع میںمجموعی طور پر 3301سرچ، سویپ اورکومبنگ آپریشنز کئے گئے جبکہ پولیس ٹیموں نے پیشہ ور مجرموں اور شدت پسندی میں ملوث عناصر کے اڈوں پر4777چھاپے بھی مارے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیاہے کہ کومبنگ آپریشنز کے دوران 5235مقدمات کا اندراج کرتے ہوئی5263ملزمان کو حراست میں لیا گیاجبکہ گرفتار ملزموں سے کروڑوں مالیت کی 275کلاشنکوف، 409رائفلز،687شاٹ گنز،5167پسٹلزاور43633گولیاںبھی برآمدکی گئی ہیں ۔