کوئٹہ بم دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، 25 زخمی شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، دھماکہ باچا خان چوک میں سٹی تھانے کے قریب ہوا

 
0
2250

کوئٹہ جولائی 30 (ٹی این ایس): کوئٹہ بم دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، 25 زخمی، شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، دھماکہ باچا خان چوک میں سٹی تھانے کے قریب ہوا۔ تفصیلات کے مطابق رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے مشہور باچا خان چوک میں سٹی تھانے کے قریب ہوا۔
دھماکے کے نتیجے میں کئی گاڑیوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ دھماکے کے باعث افسوسناک حد تک جانی نقصان بھی ہوا ہے۔ واقعے میں 4 افراد جاں بحق اور 25 افراد زخمی بھی ہوئی ہیں۔ دھماکے کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاروائیوں کا آغاز کیا، جبکہ سیکورٹی فورسز نے فوری حرکت میں آتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ایک بم دھماکہ تھا جس میں پولیس موبائل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ جبکہ واقعے کے بعد کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔