ہڑتال کا اعلان کرنے والی انجمن تاجران اختلافات کا شکار

 
0
334

اسلام آباد جولائی 31 (ٹی این ایس): ہڑتال کا اعلان کرنے والی انجمن تاجران اختلافات کا شکار ہو گئی ہے۔ آل پاکستان سپریم انجمن تاجران کے چئیرمین امین بٹ نے کہا ہے کہ ہڑتال اسلم بھلی اور شاہد رزاق کا ذاتی فیصلہ ہے اور ابھی ہڑتال کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے۔ امین بٹ نے کہا ہے کہ ہڑتال کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ تمام تاجران کی مشاورت سے کریں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل انجمن تاجران کے عہدیدار نعیم میر کا کہنا تھا کہ 15 اور 16 اگست کو پاکستان بند ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 26 اور 27 اگست کو بھی پاکستان میں ہڑتال ہو گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ 50 ہزار ٹیکس پر سال کے ڈھائی لاکھ روپے اخراجات لگائے جا رہے ہیں، ہم حکومت سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ چئیرمین انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا تھا کہ تاجر برادری ٹیکس دے گی۔
تاجروں پر سے محکمے کی تلوار ہٹائی جائے۔ عمران خان محکموں میں موجود چوروں سے ہماری جان چُھڑوادیں۔ ہم ٹیکس دینے کے لیے تیار ہیں لیکن پیچیدہ نظام قابل قبول نہیں ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی انجمن تاجران پاکستان نے حکومت کی معاشی ٹیم پر اُنگلی اٹھادی، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کو چور اور لٹیرا قرار دے دیا تھا۔ 13 جولائی کو دئے گئے بیان میں تاجروں نے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیاب ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
انہوں نے حکومت کی معاشی ٹیم پر انگلی اٹھاتے ہوئے وزیراعظم سے فکسڈ ٹیکس نظام لانے اور کسی رکن قومی اسمبلی کو وزیر خزانہ بنانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ اب سپریم انجمن تاجران کے چئیرمین امین بٹ نے کہا ہے کہ ہڑتال اسلم بھلی اور شاہد رزاق کا ذاتی فیصلہ ہے اور ابھی ہڑتال کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے۔